کونسلیٹ کی کامیاب مساعی، ملازمت سے محرومی کے بعد مختلف مسائل کا سامنا
حیدرآباد۔/24 مئی، ( سیاست نیوز) سعودی عرب میں ملازمت سے محرومی کے بعد پھنسے ہوئے ہندوستانی ورکرس کی وطن واپسی کیلئے ہندوستانی کونسلیٹ کی جانب سے مساعی جاری ہے۔ پریشان حال ورکرس کے ایک گروپ کو وطن واپس بھیجنے کا انتظام کیا گیا جو تقریباً ایک سال سے گھر واپسی کے منتظر تھے۔ اطلاعات کے مطابق پریشان حال ورکرس کو پیر کی شام جدہ ایر پورٹ سے ہندوستان واپس روانگی کا انتظام کیا گیا اور یہ ورکرس انتہائی جذباتی ہوکر وطن واپس ہوئے۔ ہندوستانی کونسلیٹ کی جانب سے انہیں خصوصی بسوں کے ذریعہ ایرپورٹ منتقل کیا گیا۔ سعودی عرب میں ہندوستانی مزدوروں کی خاصی تعداد اپنے آجرین کے ساتھ طویل قانونی جدوجہد میں مصروف ہے۔ گزشتہ ایک سال کے دوران کئی ہندوستانی ورکرس وطن واپسی کے منتظر تھے اور انہوں نے واپسی کیلئے کافی مساعی کی آخر کار ہندوستانی کونسلیٹ نے ان کی مدد کی۔ متاثرین میں شامل ایک شخص نے کہا کہ ملازمت سے محرومی کے بعد اسے بغیر کسی وجہ کے بلاک لسٹ کردیا گیا اور وہ 16 ماہ سے رہائش و طعام سے محروم ہے۔ سیل فون کو ری چارج کرنے کیلئے پیسے نہیں تھے اور نہ ہی ہندوستانی کونسلیٹ تک جانے کا انتظام تھا۔ گزشتہ ہفتہ سعودی حکام نے نام کو کلیرنس دے دیا جس کے بعد واپسی کا انتظام کیا گیا۔ متاثرین کے مطابق ویزا کی میعاد کی تکمیل کے بعد ان کا فون کام کرنا بند کرچکا تھا لہذا ہندوستانی کونسلیٹ سے رجوع ہونے میں دشواری ہوئی۔ ہندوستان کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے ورکرس کی وطن واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کونسلیٹ کی مساعی کو سراہا۔ بتایا جاتا ہے کہ سعودی عرب میں ویزا کی میعاد سم کارڈ سے مربوط ہوتی ہے اور موبائیل نمبر سے محرومی کے باعث وہ پریشان ہیں۔ اسی دوران ہندوستانی کونسل جنرل محمد شاہد عالم نے بتایا کہ کونسلیٹ کی جانب سے ورکرس کی واپسی کا انتظام کیا جارہا ہے۔ کونسلیٹ میں نام درج کرانے پر مقامی حکام کے ساتھ ان کے کیسس کی جانچ کے بعد مرحلہ وار وطن واپسی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسلیٹ کی ہیلپ لائن 24 گھنٹے کارکرد ہے۔ ر