نظام آباد ۔7 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سماجی اور ذات پات کی بنیاد پر بائیکاٹ کے واقعات کے خلاف تلنگانہ ریاستی پسماندہ طبقات کمیشن سے بڑی تعداد میں شکایات موصول ہوئی ہیں۔ کمیشن کے چیئرمین جی نرنجن کی قیادت میں ارکان ترو ملگیری سریندر، راپولو جئے پرکاش اور بالالکشمی پر مشتمل وفد نے آج نظام آباد میں انٹیگریٹڈ کلکٹریٹ دفاتر کے احاطہ میں متاثرین سے ملاقات کی اور ان کی شکایات کی سماعت کی۔ آئی ڈی او سی پہنچنے والے کمیشن کے نمائندوں کا کلکٹر ایلا ترپاٹھی، ایڈیشنل کلکٹر وی بھوجنگ راؤ اور دیگر عہدیداروں نے پودے پیش کرتے ہوئے استقبال کیا۔ اس موقع پر سماجی و ذات پات کی بنیاد پر بائیکاٹ کا سامنا کرنے والے متاثرین کی بڑی تعداد نے کمیشن کے چیئرمین اور ارکان کو تحریری طور پر اپنی شکایات اور نمائندگیاں پیش کیں۔ متاثرین کو بلاخوف و آزادانہ طور پر اپنے مسائل اور واقعات بیان کرنے کے لیے مناسب انتظامات کئے گئے تھے، جس کے نتیجہ میں ضلع کے مختلف علاقوں میں گاؤں کی ترقیاتی کمیٹیوں کے نام پر جاری مبینہ من مانی، ہراسانی اور سماجی بائیکاٹ کے واقعات سے متعلق متاثرین نے کمیشن کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ بی سی طبقات کی تنظیموں کے قائدین، مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوامی تنظیموں کے نمائندوں نے بھی کمیشن کے سامنے تحریری نمائندگیاں پیش کیں اور زبانی طور پر اپنے مسائل اور آراء سے واقف کرایا۔ ضلع انتظامیہ نے سماجی بائیکاٹ سے متعلق شکایات پیش کرنے کے لیے آنے والے افراد کو کسی قسم کی دشواری پیش نہ آنے دینے کے لیے جامع انتظامات کئے تھے۔