پٹنہ۔14؍اپریل ( ایجنسیز) نتیش کمار نے بہار کے چیف منسٹرکے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نئی حکومت کی تشکیل کا عمل شروع ہو گیا ہے۔ بی جے پی کی قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں سمراٹ چودھری کو نیا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ سمراٹ چودھری نے این ڈی اے کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب ہونے کے بعد آج شام گورنر عطا حسنین سے ملاقات کی اور اراکین اسمبلی کا حمایتی خط سونپ کر نئی حکومت بنانے کا باضابطہ دعویٰ پیش کیا۔ انہوں نے بی جے پی کی قیادت میں بننے والی اگلی حکومت کیلئے حمایتی خط پیش کرتے ہوئے اسمبلی میں اتحاد کی اکثریت کا دعویٰ کیا۔ گورنر حسنین نے چودھری کے دعوے کو قبول کرتے ہوئے انہیں حکومت سازی کی دعوت دی ہے ۔ سمراٹ چودھری 15 اپریل کی صبح 10:50 بجے چند وزراء کے ساتھ چیف منسٹر کے عہدے کا حلف لیں گے۔
نتیش کمار کی آخری کابینہ میٹنگ وزراء کی آنکھیں نم
پٹنہ، 14 اپریل (یو این آئی) بہار میں اقتدار کی تبدیلی کے اشاروں کے درمیان منگل کے روز وزیر اعلیٰ نیتیش کمار کی مختصر لیکن اہم کابینہ میٹنگ میں وزراء کی آنکھوں میں آنسو نظر آئے ۔ کمار نے تقریباً 17 منٹ تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں اپنے کابینہ کے ساتھیوں کے ساتھ راجیہ سبھا جانے کے فیصلے اور ریاست میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ جب وزیر اعلیٰ نے میٹنگ کے دوران اپنے دور اقتدار میں تعاون کیلئے وزراء، سرکاری افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کیا تو وہاں موجود تمام وزراء جذباتی ہو گئے ۔ اس دوران کابینہ کے اراکین نے بھی ان کی قیادت کی تعریف کی اور بہار میں تقریباً دو دہائیوں تک حکمرانی کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری اور چیف سکریٹری پرتیہ امرت نے بھی میٹنگ سے خطاب کیا اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ میٹنگ میں کابینہ کے سامنے کوئی باضابطہ ایجنڈا پیش نہیں کیا گیا۔ اجلاس کا اختتام ایک گروپ فوٹو کے ساتھ ہوا، جس کے بعد کمار اپنی سرکاری رہائش گاہ کیلئے روانہ ہو گئے ۔