کولکتہ : ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا ممبر اور بنگال میں غیر مزدوروں کی فلاح و بہبود کیلئے بنائی گئی کمیٹی کے چیرمین سمیر الاسلام کی کوششوں کی وجہ سے دبئی میں پھنسے بنگال کے تین ورکروں کی واپسی ہوگئی ہے اور باقی 13ورکروں کی واپسی اگلے ہفتے 26دسمبر کو ہونے کی توقع ہے ۔ دبئی میں پھنے ان ورکروں نے سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے حالات کو بیان کیا اور گھرواپسی میں مددکرنے کی اپیل کی ۔ترنمول کانگریس کے راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ سمیر الاسلام کو متحدہ عرب امارات میں پھنسے مغربی بنگال کے ورکروں سے متعلق معلوم ہوا۔وہ پہلے بھی ریاست کے غیر مقیم مزدوروںکی فلاح وبہبود کیلئے طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں۔ اسی بنیاد پر ایم پی کو مختلف حلقوں سے ان کارکنوں کو گھر واپس لانے کی درخواست بھی موصول ہوئی۔ سمیرالاسلام اس وقت پارلیمنٹ کے اجلاس میں مصروف ہیں۔ وہاں سے انہوں نے مالدہ، رانا گھاٹ اور شمالی اور جنوبی دیناج پور انتظامیہ کے ساتھ تارکین وطن مزدوروں کو واپس لانے کے لیے بات چیت کی۔ اس کے ساتھ ہی وزارت خارجہ سے بھی انہوں نے رابطہ کرکے دبئی میںپھنسے مزدوروں کو واپس لانے میں مدد کرنے کی اپیل کی۔مزدوروں کو واپس لانے کا کام دسمبرکے اوائل میں ہی شروع ہوگیا تھا۔