سنٹرل واٹر کمیشن کے صدرنشین سے اتم کمار ریڈی کی ملاقات

   

آبپاشی پراجکٹس کیلئے پانی کے الاٹمنٹ پر نمائندگی، دریائے کرشنا کے پانی میں مناسب حصہ داری کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے صدرنشین سنٹرل واٹر کمیشن اتل جین سے نئی دہلی میں ملاقات کی اور تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹس اور پانی کے الاٹمنٹ جیسے امور پر نمائندگی کی۔ پالمور رنگا ریڈی لفٹ اریگیشن اسکیم اور سمکا سارکا بیاریج کے لئے پانی کے الاٹمنٹ پر فوری اقدامات کی اپیل کی گئی۔ مختلف ریاستوں سے پانی کی تقسیم پر تنازعہ کی یکسوئی اور آندھراپردیش میں پولاورم پراجکٹ کی تعمیر سے تلنگانہ کو ناانصافی کا جائزہ لیا گیا۔ اتم کمار ریڈی نے فوری طور پر پہلے مرحلہ میں پالمور رنگا ریڈی پراجکٹ کیلئے 45 ٹی ایم سی پانی الاٹ کرنے کی درخواست کی۔ 2015 میں پراجکٹ کا آغاز کیا گیا تھا جس سے محبوب نگر ، ناگر کرنول ، وقار آباد ، رنگا ریڈی اور نلگنڈہ میں 12.3 لاکھ ایکر اراضی کو سیراب کیا جاسکتا ہے۔ ملک ضلع میں بیاریج کی تعمیر سے 5.5 لاکھ ہیکٹر اراضی کو پانی سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بیاریج کیلئے 44 ٹی ایم سی پانی الاٹ کرنے کی درخواست کی۔اتم کمار ریڈی نے آندھراپردیش کی جانب سے غیر قانونی طور پر دریائے کرشنا سے زائد پانی کے حصول کی شکایت کیں اور سنٹرل واٹر کمیشن کی جانب سے ٹیلی میٹر آلات نصب کرنے کی درخواست کی ۔ اتل جین کرشنا ریور مینجمنٹ بورڈ اور پولاورم پراجکٹ اتھاریٹی کے صدرنشین ہیں۔ حال ہی میں نیشنل ڈیم سیفٹی اتھاریٹی نے کالیشورم پراجکٹ اور اس کے تحت بیاریجس کی تعمیر میں نقصان کی نشاندہی کی ہے۔ اتل جین نے اتم کمار ریڈی کو تیقن دیا کہ وہ آبی تنازعہ پر ضروری کارروائی کریں گے۔1