ہائی بز ٹی وی کی جانب سے انتخاب ۔ ایڈیٹر ’سیاست ‘کو ایوارڈ کی پیشکشی
حیدرآباد 12 ستمبر ( سیاست نیوز ) ہائی بز ٹی وی کی جانب سے کافی ٹیبل بک لانچ کا اہتمام کیا گیا تھا اور اس موقع پر دو تلگو ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کی 60 با اثر شخصیات کا انتخاب کرتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا گیا اور اعزاز سے نوازا گیا ۔ صحافت کے شعبہ سے ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں کا انتخاب عمل میں لایا گیا ۔ اس موقع پر آندھرا پردیش کے وزیر صنعت و تجارت مسٹر ٹی جی بھرت گپتا نے منتخب شخصیتوں کو ایوارڈ پیش کیا ۔ دونوں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والی مختلف شعبہ جات کی جن با اثر شخصیات کا انتخاب عمل میں لایا گیا تھا ان میں تمام غیر سیاسی تاہم با اثر شخصیات تھیں۔ اس انتخاب میں سیاسی قائدین اور فلمی ستاروں کو شامل نہیں رکھا گیا تھا ۔ فارما ‘ فینانس ‘ کنسٹرکشن ‘ میڈیا اور دیگر اہم شعبہ جات کی 60 با اثر شخصیات کا انتخاب کرتے ہوئے متعلقہ شعبہ جات میں ان کی خدمات اور ان کے اثر کا اعتراف کرتے ہوئے یہ ایوارڈز پیش کئے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کی صحافت کیلئے مثالی اور نمایاں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں بھی دونوں ریاستوں کی بااثر شخصیت قرار دیتے ہوئے ایوارڈ دیا گیا ۔ اس موقع پر نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں اور دوسرے بھی موجود تھے ۔