نئی دہلی ۔ انگلینڈ کے خلاف منعقدہ سیریز میں ہندوستانی ٹیم نے بہتر مظاہروں کے ذریعہ ٹسٹ، ٹوئنٹی 20 اور ونڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ متوازن انگلینڈ کے خلاف جہاں ہندوستانی ٹیم نے مجموعی طور پر ماضی کے برعکس اس مرتبہ بہترین مظاہرے کئے ہیں وہیں تینوں سیریزوں کے دوران کئی ایک ایسے کھلاڑی منظر عام پر آئے ہیں جنہوں نے ہندوستانی کرکٹ کے مستقبل کو مزید روشن بنا دیا ہے۔ دورہ آسٹریلیا کے موقع پر جہاں شردول ٹھاکر اور واشنگٹن سندر اس دورہ کی دریافت ثابت ہوئے تو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ایشان کشن ایک بہترین کھلاڑی کے طور پر منظر عام پر آئے ہیں جبکہ سوریہ کمار یادو سے بھی ہندوستانی ٹیم کے شاندار مستقبل کی امیدیں مزید روشن ہوچکی ہیں۔ شردول ٹھاکر ایک بولنگ آل راؤنڈر ہے جو کہ ایشانت شرما، جسپریت بمرا اور محمد سمیع کے ساتھ ایک بہترین آل راؤنڈ ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ ہاردک پانڈیا بھی اس صف ایک اہم نام ہے۔ شردول اگر تمام طرز کی کرکٹ میں بولنگ آل راؤنڈر ثابت ہوسکتے ہیں تو سندر ہندوستانی ٹیم کو کئی ایک مواقع فراہم کرسکتے ہیں جو کہ بولنگ اور بیٹنگ دونوں میں بھی اننگز کا آغاز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ایشان کشن نے اپنے پہلے ہی ٹی 20 میں دھماکہ خیز اننگز کھیلی ہے۔ اگر تمام حالات ایسے ہی آگے بڑھتے رہے تو ماضی میں این چیپل کی جانب سے کی جانے والی پیش قیاسی صحیح ثابت ہوتی دکھائی دے رہی ہے کیونکہ انہوں نے کہا تھا کہ ہندوستانی ٹیم میں وہ باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں جو 1970 میں ویسٹ انڈیز اور 90 کے علاوہ 2000 کے دہے میں آسٹریلیا کو طاقتور ترین ٹیم بنانے میں اہم رول ادا کرنے والے کھلاڑیوں میں موجود تھی۔