سوشیل میڈیا میں میرے خلاف مہم ‘بعض بی جے پی قائدین ذمہ دار: ایٹالہ راجندر

   

حیدرآباد۔ 5 اپریل (سیاست نیوز) ملکاجگری کے بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے بی جے پی سے مستعفی ہوکر کسی اور پارٹی میں شمولیت کی اطلاعات کو مسترد کردیا اور سوشیل میڈیا میں ان کے خلاف جاری مہم پر برہمی ظاہر کی۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے راجیندر نے کہا کہ بعض گوشوں کی جانب سے عوام میں الجھن پیدا کی جارہی ہے کہ وہ جلد ہی پارٹی چھوڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس میں دوبارہ واپسی سے متعلق اطلاعات میں کوئی سچائی نہیں ہے، عوام کو گمراہ کن مہم کا شکار نہیں ہونا چاہئے۔ راجیندر نے کہا کہ پارٹی تبدیل کرنا لباس تبدیل کرنے کی طرح آسان نہیں ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کے بعض قائدین اس مہم کے پس پردہ کارفرما ہیں۔ راجیندر نے کہا کہ عہدوں کے لئے وہ غریبوں کو دھوکہ دینے والی شخصیت نہیں ہیں۔ کے سی آر کی جانب سے مجھے پارٹی سے بے دخل کئے 5 سال مکمل ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت پر عوام میں سخت ناراضگی پائی جاتی ہے۔ حیڈرا کے نام سے غریبوں پر مظالم سے عوام میں سخت ناراضگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جواہر نگر ڈمپنگ یارڈ کے مسائل پر انہوں نے سپریم کورٹ میں مقدمہ دائر کیا ہے۔ راجیندر نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے آئندہ انتخابات میں رگھونندن راؤ اور کونڈا وشویشور ریڈی جیسے قائدین سے مشاورت کے بعد حکمت عملی طے کی جائے گی۔ راجیندر نے کہا کہ حکومت کی مخالف عوام پالیسیوں کے خلاف جدوجہد کا جلد آغاز ہوگا۔ 1/F/K