لندن : برطانوی وزیراعظم رشی سوناک نے اپنے وزیر دفاع بین والس کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ’بہترین‘ قرار دے دیا۔ وزیراعظم رشی سوناک رواں ہفتہ امریکی صدر جو بائیڈن سے اپنی چوتھی ملاقات کریں گے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اس ملاقات میں وہ صدر بائیڈن کو بین والس کی بطور ناٹو سیکریٹری جنرل تقرری پر قائل کریں گے۔ وزیراعظم رشی سوناک نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ ناٹو کیلئے بین ایک بہترین سیکریٹری جنرل ثابت ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بین کو دنیا بھر میں ان کے ہم منصب بہت پسند کرتے ہیں، برطانیہ ہمیشہ ناٹو کا بڑا شراکت دار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ناٹو آپریشنز کی سربراہی کرچکے ہیں اور ہمارا تاثر ایک دانشمند سربراہ کے جیسا ہے۔ رواں ماہ کے آغاز میں بین والس نے کہا تھا کہ اگر انہیں ناٹو سیکریٹری جنرل بننے کی پیشکش ہوئی تو وہ انکار نہیں کریں گے۔ کچھ حکومتیں چاہتی ہیں کہ اس بار ناٹو کو پہلی خاتون سیکریٹری جنرل ملے جس کیلئے ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن بھی سنجیدہ امیدوار کے طور پر ابھری ہیں۔