سی آر پی ایف اہلکار نے 3 ساتھیوں کو ہلاک کردیا

جموں، 21مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پور میں گزشتہ رات سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے اپنے آپ کو گولی مار کر شدید زخمی کرنے سے قبل اپنے تین سینئر ساتھیوں پر پے در پے گولیاں چلاکر انہیں ہلاک کردیا۔ برادر کشی کا یہ واقعہ پولیس تھانہ ادھم پور کے حدود میں بٹل بالیاں میں واقع 187بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں پیش آیا۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے بتایا کہ 187 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں ایک اہلکار نے اپنے تین ساتھیوں پر گولیاں چلاکر انہیں مار ڈالا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنے ساتھیوں پر گولیاں چلانے کے مرتکب اہلکار نے اپنے آپ پر بھی گولیاں چلاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی، وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا اور اب اسپتال میں زیر علاج ہے ۔ 187 بٹالین سی آر پی ایف کمانڈنٹ ہریندر سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ واقعہ میں ہمارے تین جوانوں کی موت واقع ہوئی ہے ۔ چوتھا جوان جس نے گولیاں چلائیں وہ بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ یہ کوئی جنگجویانہ حملہ نہیں تھا۔ مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل پوکرمال متوطن راجستھان، ہیڈ کانسٹیبل امید سنگھ متوطن ہریانہ اور ہیڈ کانسٹیبل جوگیندر شرما متوطن دہلی کے طور پر ہوئی ہے ۔ گولیاں چلانے والے کی شناخت کانسٹیبل اجیت سنگھ متوطن کانپور کے طور پر ہوئی ، وہ ضلع اسپتال ادھم پور میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ 187 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں گزشتہ رات تقریباً 10 بجے کانسٹیبل اجیت سنگھ کی اپنے سینئر ساتھیوں کے ساتھ کسی بات پر زبردست توتو میں میں ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ لفظی جنگ کے درمیان اجیت سنگھ نے اپنی سرویس رائفل سے اپنے سینئر ساتھیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اہلکاروں کی برسرموقع موت ہوگئی۔ اپنے ساتھیوں کو خون میں لت پت دیکھ کر اجیت سنگھ نے اپنے آپ پر بھی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ ریاستی پولیس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ پولیس تھانہ ادھم پور میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT