شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات سے کم عمری میں شادیوں کا تدارک

   

وزیر اقلیتی بہبود نے گرلز اقامتی اسکول کا دورہ کیا
حیدرآباد ۔4 ۔اگست (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے کہا کہ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے سبب لڑکیوں کی کم عمری میں شادیوں کا تدارک ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے لڑکیوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس قائم کئے ہیں۔ وزیر اقلیتی بہبود نے نارسنگی میں لڑکیوں کے اقامتی اسکول کا دورہ کیا اور بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی میں تعلیم کی غیر معمولی اہمیت ہے۔ تعلیم کے نتیجہ میں خاندانوں کی ترقی اور بھلائی ہوسکتی ہے۔ ریاستی حکومت نے لڑکیوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے اقامتی اسکولس اور جونیئر کالجس قائم کئے جہاں انگلش میڈیم تعلیم کا مفت انتظام ہے۔ کارپوریٹ طرز کی سہولتیں سرکاری اسکولوں میں فراہم کی گئی ہیں۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ کم عمری میں لڑکیوں کی شادی کے رجحان میں کمی آئی ہے اور لڑکیاں تعلیم حاصل کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اقامتی اسکولوں میں بہتر غذا اور کرایہ کی سہولتوں کو یقینی بنائیں۔ ڈائرکٹر کلچرل ہری کرشنا نے حکومت کی تعلیمی اسکیمات کی ستائش کی ۔ اس موقع پر اقامتی اسکول سوسائٹی کے سکریٹری رونالڈ راس نے وزیر اقلیتی بہبود کو تعلیمی سہولتوں کے علاوہ ہاسٹلس میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تفصیلات سے واقف کرایا۔ر