شاہ رخ خان کوبادشاہت کا احساس کب ہوتا ہے

   

ممبئی، 15ستمبر (آئی اے این ایس) بالی ووڈ کے میگا اسٹار شاہ رخ خان نے بتایا ہے کہ ان کے روزمرہ معمولات میں کون سی چیز انہیں بادشاہانہ احساس دلاتی ہے۔ اداکار نے ایکس پر مداحوں کے سوالات کے جواب دینے کے لیے خصوصی نشست کا انعقاد کیا۔ ایک مداح نے شاہ رخ خان سے پوچھا کہ حقیقی زندگی میں وہ ایسا کون سا کام کرتے ہیں جس سے انہیں سب سے زیادہ بادشاہ جیسا احساس ہوتا ہے۔ جواب میں شاہ رخ خان نے کہا کہ کسی سے بات کرنے سے پہلے بستر پر تین کپ کافی پینا انہیں سب سے زیادہ بادشاہانہ احساس دلاتا ہے، چاہے انہیں کام کے لیے دیر ہی کیوں نہ ہو رہی ہو۔ انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ اس کے بعد فلم کی شوٹنگ کے مقام پر دیر سے پہنچنے پر انہیں ڈانٹ پڑتی ہے اور ان کے تمام بادشاہانہ احساسات ختم ہوجاتے ہیں۔ شاہ رخ خان نے مداحوں کو ازدواجی زندگی کے حوالے سے بھی مشورہ دیا۔ ایک مداح نے بتایا کہ اس کی رواں سال شادی ہوئی ہے اور وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ چاہتا تھا کہ شاہ رخ خان کو بھی شادی میں مدعو کرے، لیکن اداکار کی آمد ممکن نہیں تھی۔ مداح نے رومانس کے بادشاہ سے خوشگوار ازدواجی زندگی برقرار رکھنے کے لیے اچھی علامت کے بارے میں سوال کیا۔ شاہ رخ خان نے جواب دیا کہ میاں بیوی کو ایک دوسرے کے رنگ میں رنگ جانا چاہیے اور اس طرح باہمی سمجھوتے کرنے چاہئیں کہ دونوں ایک دوسرے کو زیادہ خوش رکھ سکیں۔ گفتگو کے دوران شاہ رخ خان نے اپنی آنے والی فلم ’کنگ‘ کے بارے میں بھی معلومات فراہم کیں۔ ایک مداح نے ان سے فلم کا ٹریلر ابھی دکھانے کی درخواست کی، جس پر اداکار نے جواب دیافلم میں ابھی وقت ہے ۔