رات تا صبح تک پولیس کی خصوصی نگرانی ، کمشنر سٹی پولیس سی وی آنند کا دورہ مختلف مقامات
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : جمعتہ الوداع کے موقع پر آج شہر حیدرآباد میں پولیس کے سخت صیانتی انتظامات کئے گئے تھے اور رمضان المبارک کی 27 ویں شب تلاش شب قدر کے سلسلہ میں پولیس نے سخت چوکسی اختیار کی تھی موجودہ حالات اور سابقہ میں پیش آئے حادثات کو دیکھتے ہوئے شہر کے تمام فلائی اوورس کو بند کردیا گیا تھا اور ٹرافک نظام کو آسان بنانے پر رمضان المبارک کی شاپنگ اور جاگنے کی رات کے سلسلہ میں تمام اعلیٰ عہدیداروں کو اہم علاقوں کو ذمہ داری دی گئی تھی جو رات دیر گئے اور صبح کے اولین ساعتوں تک حالات کا جائزہ لے رہے تھے ۔ اس دوران کمشنر پولیس حیدرآباد نے بھی شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور رات دیر گئے پرانے شہر میں توقف کیا ۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں پولیس انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد کمشنر پولیس نے لاڈ بازار اور مکہ مسجد کے علاقہ میں پیدل دورہ کرتے ہوئے حالات کا جائزہ لیا اور عوام کے علاوہ تاجروں سے بھی بات چیت کی ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس کے ہمراہ ایڈیشنل کمشنر کرائم وشیوا پرشاد بھی موجود تھے ۔ کمشنر پولیس نے رمضان کی شاپنگ میں مصروف عوام سے تبادلہ خیال کیا اور کاروباری افراد سے شاپنگ اور حالات کے تعلق سے دریافت کیا ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس حیدرآباد نے جمعتہ الوداع کے موقع پر سخت چوکسی اختیار کرنے اور خصوصی انتظامات کی ہدایت دی ۔۔ ع