کئی ریاستوں میں بارش کا الرٹ‘دہلی کا درجہ حرارت9ڈگری
نئی دہلی: شمالی ہندوستان کی کئی ریاستوں میں کڑاکے کی سردی جاری ہے۔ بعض مقامات پر شدید کہر سے عوام کو سخت پریشانی کا سامنا ہے اور بعض مقامات پر سردی کی لہر، بارش اور برف باری سے سردی بڑھ رہی ہے۔ تازہ ترین ویسٹرن ڈسٹربنس کی وجہ سے دہلی اور اتر پردیش سمیت کئی ریاستوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔دہلی کا کم سے کم درجہ حرارت آج 3 پوائنٹس بڑھ کر 9 ڈگری سیلسیس ہو سکتا ہے اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ آلودگی میں بھی اضافہ دیکھا جا سکتا ہے۔ اتر پردیش کے محکمہ موسمیات کے انچارج ڈاکٹر محمد دانش نے بتایا کہ افغانستان کے ارد گرد ویسٹرن ڈسٹربنس سرگرم ہے، جس کی وجہ سے مغربی اتر پردیش میں بادلوں کی نقل و حرکت جاری رہے گی۔اسکائی میٹ کے مطابق آئندہ 2 روز کے دوران مظفرآباد، لداخ، جموں کشمیر اور ہماچل پردیش میں ہلکی سے درمیانی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ 23 اور 24 دسمبر کو اتراکھنڈ میں ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے۔ انڈمان اور نکوبار جزائر، تمل ناڈو، کیرالا اور لکشدیپ میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
پنجاب، ہریانہ، دہلی، اتر پردیش، بہار، شمالی راجستھان اور تریپورہ کے کچھ حصوں میں شدید دھند پڑ سکتی ہے۔