شکست کے باوجود کانگریس قائدین کونسلرکنیت کے طلبگار

   

حیدرآباد ۔ 19 ڈسمبر (سیاست نیوز) حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے والے سینئر کانگریس قائدین اب ایم ایل سی یعنی قانون ساز کونسل کے رکن بننے کے طلب گار ہیں۔ ان میں بعض قائدین انہیں کابینہ میں شامل کرنے کی بھی مانگ کررہے ہیں۔ حال میں منعقدہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرتے ہوئے شکست کا سامنا کرنے والے اہم قائدین میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی مہم یعنی کیمپین کمیٹی کے چیرمین مدھو یاشکی گوڑ، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ ٹی جئے پرکاش ریڈی عرف جگاریڈی، پوڈیم ویرئیا، محمد علی شبیر، ایس اے سمپت اور رام ریڈی دامودر ریڈی شامل ہیں۔ زیادہ تر قائدین کانگریس پارٹی میں ان کی خدمات کیلئے وزارتی عہدوں کا مطالبہ کررہے ہیں۔کابینہ میں وزراء کی شمولیت کی گنجائش ہے ۔ تاہم وزراء کو شامل کرنا چیف منسٹر کیلئے بڑا چیلنج ہوگا ۔ دوسری طرف تلنگانہ کابینہ میں ایک بھی مسلم وزیر نہیں ہے ۔ ایسے میں مسلم وزیر کو بھی شامل کرنے کی مانگ کی جارہی ہے۔