تنہا خواتین و بیواؤں کو 15 اگست سے نئی پنشن

   

2 تا 3 لاکھ مستحق خواتین کی فہرست تیار
ریاستی وزیر پنچایت راج سیتااکا کا اعلان
حیدرآباد 17 جولائی ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ میں نئی سرکاری پنشن کا انتظار کرنے والے لاکھوں مستحقین کیلئے حکومت سے بڑی خبر سامنے آئی ہے ۔ وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات سیتااکا نے اعلان کیا ہے کہ ریاست میں اہل تنہا خواتین اور بیواؤں کو آئندہ ماہ 15 اگست سے نئی پنشن کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا ۔ ضلع ملگ کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سیتااکا نے واضح کیا کہ حکومت معاشرہ کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے عہد کی پابند ہے ۔ اسی کڑی کے تحت پہلے مرحلے میں تمام اہل تنہا خواتین اور بیواؤں کو یوم آزادی کے تاریخی موقع پر نئی پنشن کا فائدہ ملنا شروع ہوجائے گا ۔ حکومت نے ریاست میں تقریبا 2 سے 3 لاکھ نئی پنشن کی فراہمی کی سمت میں اقدامات کا آغاز کردیا ہے جس سے طویل عرصے سے زیر التواء درخواست گذاروں کو بڑی راحت ملے گی ۔ سیتااکا نے بتایا کہ پنشن اسکیم میں مکمل شفافیت کو یقینی بنانے تمام ضلع کلکٹرس ، پولیس سپرنٹنڈنٹس اور فیلڈ لیول عہدیداروں کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔ حکام سے کہا گیا کہ وہ مستحقین کی ایسی مستند فہرستیں تیار کریں ۔ جن میں کسی قسم کی ہیرا پھیری نہ ہو ۔ فیلڈ سطح کے عملہ کو مشورہ دیا گیا کہ وہ موجودہ فہرستوں کا دوبارہ جائزہ لیں اگر کسی سابقہ پنشن یافتہ کی موت ہوچکی تو اس کا نام فوری حذف کیا جائے تاکہ حقدار اور حقیقی مستفیدین تک ہی پنشن کی رقم پہونچ سکے ۔ 2/k/b