ہیڈ کانسٹبل کی بیٹی کا کارنامہ ، والد کی وردی دیکھ کرپیدا ہوا جنون ، نوجوانو ں کیلئے مشعل راہ
حیدرآباد :26 اکٹوبر ( سیاست نیوز) اگر دل میں سچا جذبہ ، محنت لگن اور عزائم بلند ہوں تو کوئی بھی منزل ناممکن نہیں رہتی ، اس بات کو سچ ثابت کر دکھایا ہے ۔ ورنگل سے تعلق رکھنے والی باصلاحیت بیٹی شگفتہ یاسمین جنہوں نے تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے گروپI امتحانات میں پہلی ہی کوشش میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے DSP کا باوقار عہدہ اپنے نام کرلیا ہے ۔ شگفتہ یاسمین کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف ان کے والدین کیلئے باعث فخر و مسرت ہے بلکہ آج کے تمام نوجوانوں بالخصوص طالبات کیلئے ایک قابل تقلید نمونہ ہے ۔شگفتہ یاسمین کی اس کامیابی کے پیچھے ان کے والد کی انتھک محنت اور خاکی وردی کا وہ وقار ہے جس نے انہیں بچپن ہی سے متاثر کیا ۔ یاسمین کے والد قدیر اصل میں ضل جئے شنکر بھوپال پلی کے کڑام سے تعلق رکھتے ہیں اور وہ محکمہ ایکسائز میں بطور ہیڈ کانسٹبل راما گنڈم میں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ شگفتہ یاسمین کا کہنا ہے کہ میں نے بچپن سے اپنے والد کو پولیس کی وردی میں فرض شناسی کے ساتھ کام کرتے دیکھا تھا ، تبھی سے میرا خواب تھا کہ میں بھی ایک دن قانون کی پاسداری اور عوام کی خدمت کیلئے یہ باوقار خاکی وردی زیب تن کروں ۔شگفتہ یاسمین کی یہ کامیابی اتفاقی نہیں بلکہ برسوں کی سخت تعلیمی جدوجہد کا نتیجہ ہے ۔ ورنگل کے حسن پرتھی علاقہ سے نکل کر یاسمین نے اپنی ابتدائی تعلیم ورنگل میں حاصل کی ۔ حیدرآباد سے انٹرمیڈیٹ کیا اور پھر اعلیٰ تعلیم کیلئے دہلی کا رُخ کیا جہاں انہوں نے اپنی ڈگری اور پوسٹ گریجویشن مکمل کی ۔ دہلی میں آئی پی ایس بننے کے ہدف کے ساتھ یونین پبلک سرویس کمیشن کی کوچنگ حاصل کرنے کے دوران ہی انہوں نے تلنگانہ کے گروپ I امتحانات میں شرکت کی اور محنت کے بل بوتے پر پہلی ہی کوشش میں ڈی ایس پی کے عہدہ کیلئے منتخب ہوکر سب کو حیران کردیا ۔ شگفتہ یاسمین کا یہ سفر تلنگانہ اور ملک بھر کے تمام نوجوانوں کیلئے ایک روشن مشعل راہ ہے جو محدود وسائل کے باوجود بڑے خواب دیکھنے کی ہمت رکھتے ہیں۔ لازمی تربیت کی کامیابی سے تکمیل کے بعد وہ اب جوگو لامبا گدوال میں بطور ٹرینی ڈی ایس پی اپنے لا اینڈ آڈر فرائض کا آغاز کرنے جارہی ہے ۔ حال ہی میں انہوں نے تروپتی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوکر زندگی کے ایک نئے اور خوشگوار مرحلے کی شروعات بھی کی ہے ۔ ایک ہینڈ کانسٹبل والد کا اپنی بیٹی کو اعلیٰ ترین پولیس آفیسر (DSP) کے روپ میں دیکھنا باپ کیلئے عیم الشان اعزاز سے کم نہیں اور شگفتہ یاسمین کا یہ سنگ میل نئی نسل کو یہ پیغام دیتا ہے کہ خواب جتنے بڑے ہوں گے محنت اتنی ہی رنگ لائے گی ۔2