حیدرآباد۔26۔مارچ(سیاست نیوز) دونوں شہروں کے علاوہ اضلاع میں گرمی سے راحت کے بعد دوبارہ درجہ حرارت میں اضافہ کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے اور دھوپ کی تمازت میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے۔محکمہ موسمیات اور خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق دونوں شہروں میں جاریہ ہفتہ کے اواخر سے درجہ حرارت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور درجہ حرارت دوبارہ 40 ڈگری سیلسیس یا اس قریب پہنچنے کا امکان ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے شہر حیدرآباد کے مختلف علاقو ںمیں موسم گرما کے دوران شہریوں کی سہولت کے لئے پینے کے پانی کی نئی سبیلیں نصب کی جا رہی ہیں اور عوام سے اپیل کی جا رہی ہے کہ وہ بلا ضرورت شدید دھوپ کے اوقات میں گھروں سے باہر نکلنے سے اجتناب کریں۔ محکمہ صحت کی جانب سے گذشتہ دنوں کی گئی اپیل میں عوام کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ اس بات کی کوشش کریں کہ دھوپ میں نکلنے کی ضرورت پڑنے پر تمام تر احتیاطی اقدامات کریں۔محکمہ موسمیات کے مطابق جاریہ ہفتہ کے اواخر سے شہر حیدرآباد کے درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جائے گا اور اس اضافہ کے ساتھ الٹرا وائیلیٹ شعائوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کئے جانے کے خدشات ہیں۔محکمہ صحت کی جانب سے موسم گرما کی شدت میں ہونے والے اضافہ کی صورت میں کئے جانے والے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے سلسلہ میں باضابطہ تجاویز جاری کی جائیں گی جس طرح سابق میں تفصیلی نوٹ جاری کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ ہلکے رنگ کے کپڑوں کے استعمال کے علاوہ زیادہ سے زیادہ پینے کے پانی کے استعمال کے اور ٹھنڈے قدرتی مشروبات کے استعمال میں اضافہ کریں۔3