شہر حیدرآباد اور اضلاع میں بارش ‘عوام کو گرمی سے راحت

   

تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے فصلوں کو نقصان ، آئندہ تین دن تک بارش کی پیش قیاسی
حیدرآباد 20 ۔ اپریل ( سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد و اضلاع میں آج صبح زبردست بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ تین دن تک بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے بعض اضلاع کیلئے آرینج اور بعض اضلاع کیلئے ایلو الرٹ جاری کردیا ۔ چند اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی ہے جس سے فصلوں بالخصوص آم کی فصلوں کو نقصان پہونچا ہے ۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے شہر حیدرآباد گرمی کی شدید لپیٹ میں تھا لوگ گرمی سے شدید پریشان تھے آج صبح ہوئی بارش سے شہریوں کو گرمی سے کچھ حد تک راحت ملی ہے ۔ آج صبح 7 بجے سے گریٹر حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور بادل گرجنے کے ساتھ بارش ہوئی ہے جس سے شہر کے کئی علاقوں میں برقی سربراہی مسدود ہوگئی ۔ مختلف علاقوں میں درخت ٹوٹ کر سڑکوں پر گر گئے جس سے ٹریفک مسائل پیدا ہوگئے جی ایچ ایم سی کا عملہ پانی کے نکاسی اور سڑکوں سے ٹوٹے درختوں کو ہٹاتے ہوئے ٹریفک مسائل کی یکسوئی میں سرگرم دیکھا گیا ۔ محکمہ موسمیات حیدرآباد نے بتایا کہ ریاست کے چند اضلاع میں 50 تا 60 کلو میٹر رفتار سے ہوائیں چلی ہیں ۔ آئندہ تین دنوں تک مختلف اضلاع جگتیال ، راجنا سرسلہ ، کریم نگر ، بھدرا دری کتہ گوڑم ، کھمم ، محبوب آباد ، ورنگل ، ہنمکنڈہ ، وقار آباد ، سنگاریڈی ، کاماریڈی ، ناگر کرنول کیلئے آرینج الرٹ جاری کیا گیا ۔ اس طرح اضلاع نلگنڈہ ، سوریہ پیٹ ، جنگاؤں ، سدی پیٹ ، یادادری بھونگیر ، رنگاریڈی ، میڑچل ، حیدرآباد ، میدک کیلئے ایلو الرٹ جاری کیا گیا ۔ اتوار و پیر کو چند اضلاع میں منچریال ، نلگنڈہ ، سوریہ پیٹ ، محبوب آباد ، یادادری بھونگیر ، رنگاریڈی ، میڑچل ، ملکاجگری ، سنگاریڈی ، میدک ، محبوب نگر ، ناگر کرنول ، ونپرتی ، نارائن پیٹ ، جوگو لامبا گدوال میں ہلکی اور تیز بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ 2