شیوراج کابینہ میں آج توسیع کاامکان

   

بھوپال : مدھیہ پردیش میں تین ماہ سے زائد پرانی شیوراج سنگھ چوہان حکومت کی کابینہ کا طویل انتظارکے بعد کل توسیع کا امکان ہے ۔وزیراعلیٰ چوہان اور ریاستی بی جے پی صدر وشنودت شرما گزشتہ روز یہاں سے دہلی روانہ ہوئے تھے اور گزشتہ رات بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈروں سے بات چیت ہو گئی ہے ۔ میٹنگوں کا دور آج بھی جاری رہے گا اور مسٹر چوہان کی بعد دوپہر وزیر اعظم نریندر مودی سے ممکنہ ملاقات کریں گے ۔ دیر رات تک مسٹر چوہان واپس آئیں گے اور کل وہ اپنی کابینہ کی توسیع کریں گے ۔ اس دوران مدھیہ پردیش کی انچارج گورنرآنندی بین پٹیل بھی کل صبح لکھنؤ سے یہاں پہنچیں گی اور پہلے وہ خود حلف لیں گی۔ انہیں کل ہی مدھیہ پردیش کے گورنر کے عہدے کا اضافی چارج سونپا جائے گا۔ گورنر لال جی ٹنڈن کی طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے محترمہ پیٹیل کو یہ ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ پہلے محترمہ پٹیل کے آج بھوپال پہنچنے کی توقع تھی، لیکن سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اب وہ یہاں منگل کی صبح ہی آئیں گی۔بی جے پی ذرائع کے مطابق سینئر لیڈر جوترادتیہ سندھیا بھی منگل کی صبح یہاں پہنچیں گے اور وہ رات کو قیام کرنے کے بعد بدھ کے روز یہاں رہے گے ۔ وہ حلف برداری کی تقریب میں بھی شریک ہوسکتے ہیں۔