کیشو میموریل سوسائٹی طلبہ اور نیشنل پولیس اکیڈیمی کے ٹرینی عہدیداروں سے خطاب شامل
حیدرآباد۔/25 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو 26 تا 30 ڈسمبر تلنگانہ کا دورہ کریں گی۔ سرمائی قیام کے سلسلہ میں صدر جمہوریہ پہلی مرتبہ حیدرآباد آرہی ہیں۔ راشٹر پتی بھون سے صدر جمہوریہ کے دورہ کی تفصیلات جاری کی گئیں۔ 26 ڈسمبر کو صدر جمہوریہ آندھرا پردیش کے سری سیلم مندر کا دورہ کریں گی اور ترقیاتی پراجکٹ کا افتتاح انجام دیں گی۔ مرکزی وزارت سیاحت نے یہ پراجکٹ مکمل کیا ہے۔ وہ سری سیواجی اسپورتی کیندر سری سیلم کا دورہ کرنے کے بعد حیدرآباد کے راشٹر پتی نیلائم پہنچیں گی۔ صدر جمہوریہ 27 ڈسمبر کو کیشو میموریل ایجوکیشن سوسائٹی کے طلبہ اور فیکلٹی ممبرس سے خطاب کریں گی اور سردار ولبھ بھائی پٹیل نیشنل پولیس اکیڈیمی کا دورہ کرتے ہوئے انڈین پولیس سرویس کے 74 بیاچ کے ٹرینی عہدیداروں سے خطاب کریں گی۔ وہ مشرا دھاتو نگم ( مدھانی ) کے وائیڈ پلیٹ مل کا افتتاح کریں گی۔ 28 ڈسمبر کو صدر جمہوریہ بھدراچلم کے مندر کا دورہ کریں گی جہاں ٹورازم انفرااسٹرکچر پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔ وہ سمکا سارالماں جن جاتی سمیلن کا افتتاح کریں گی جس کا اہتمام ون ساوی کلیان پریشد نے تلنگانہ حکومت کے اشتراک سے کیا ہے۔ راشٹرپتی مرمو ایکلویہ ماڈل ریسیڈنشیل اسکول کا آصف آباد اور محبوب آباد میں افتتاح کریں گی۔ وزارت قبائیلی بہبود نے یہ اسکولس قائم کئے ہیں۔ صدر جمہوریہ اسی دن ورنگل کے رامپا مندر کا دورہ کریں گی اور ترقیاتی پراجکٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گی۔ 29 ڈسمبر کو صدر جمہوریہ جی نارائنماں انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائینس فار ویمن کے طلبہ اور فیکلٹی ممبرس سے ملاقات کریں گی۔ وہ بی ایم منانی نرسنگ کالج اور سمن جونیر کالج ( مہیلا دکشتا سمیتی ) کے طلبہ اور فیکلٹی ارکان سے ملاقات کریں گی۔ وہ شمس آباد میں رامانجم کے مجسمہ مساوات کا معائنہ کریں گی۔ راشٹر پتی مرمو 30 ڈسمبر کو ویر ناری اور دیگر اہم شخصیتوں کیلئے راشٹر پتی نیلائم میں لنچ کا اہتمام کریں گی جس کے بعد نئی دہلی واپس ہوجائیں گی۔ر