صدر جمہوریہ کے ہاتھوں چوتھے ایگریکلچر روڈ میپ کا افتتاح

   

پٹنہ: صدرجمہوریہ دروپدی مرمو آج تین روزہ دورے پر بہار پہنچیں، جہاں انہوں نے ریاستی حکومت کے بلند نظرچوتھے زرعی روڈ میپ کا افتتاح کیا۔ مرمو چہارشنبہ کو یہاں لوک نائک جے پرکاش نارائن بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچیں، جہاں گورنر راجیندر وشواناتھ آرلیکر، وزیر اعلیٰ نتیش کمار، اسمبلی اسپیکر اودھ بہاری چودھری سمیت کئی وزراء اور سینئر عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔ اس کے بعد صدرجمہوریہ باپو آڈیٹوریم پہنچیں، جہاں انہوں نے طے شدہ پروگرام کے مطابق چوتھے ایگریکلچر روڈ میپ 2023-28 کا افتتاح کیا۔زرعی روڈ میپ کا افتتاح کرنے کے بعد مرمو راج بھون میں دوپہر کا کھانا کھائیں گی اور شام کو سکھوں کے 10ویں گرو گوبند سنگھ کے درشن کیلئے پٹنہ شہر کے تخت ہری مندر صاحب جائیں گی۔ وہ بہار کے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران موتیہاری میں مہاتما گاندھی سنٹرل یونیورسٹی، گیا میں ساؤتھ بہار سنٹرل یونیورسٹی اور پٹنہ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے کانووکیشن تقریب میں بھی شرکت کریں گی۔