صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کی آج حیدرآباد آمد

   

لال بہادر اسٹیڈیم میں بوتھ لیول ایجنٹس سے خطاب، 30 ہزار سے زائد کارکنوں کی شرکت متوقع

حیدرآباد۔/24 جنوری، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کی تلنگانہ میں لوک سبھا الیکشن مہم کا کل 25 جنوری کو صدر کانگریس ملکارجن کھرگے کے دورہ سے عملاً آغاز ہوگا۔ ہر لوک سبھا حلقہ میں بوتھ سطح پر پارٹی ایجنٹس اور سرگرم کارکنوں کو متحرک کرنے کیلئے کل 25 جنوری کو لال بہادر اسٹیڈیم میں ریاست بھر کے بوتھ لیول ایجنٹس کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ دوپہر 2 بجے سے شام 5 بجے تک اجلاس میں بوتھ لیول ایجنٹس کو رائے دہی کی حکمت عملی اور مخالفین کی جانب سے بوگس رائے دہی کی صورت میں تدارک کے اقدامات سے واقف کرایا جائے گا۔ ملکارجن کھرگے اور چیف منسٹر ریونت ریڈی اجلاس سے خطاب کریں گے۔ ریاست کے تمام 17 لوک سبھا حلقوں کے بوتھ لیول ایجنٹس کو شرکت کیلئے پابند کیا گیا ہے اور اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ امید کی جارہی ہے کہ 30 ہزار پولنگ اسٹیشنوں کے ایجنٹس شریک ہوں گے۔ اسمبلی الیکشن کی طرح لوک سبھا کی رائے دہی کے موقع پر بوتھ لیول ایجنٹس کا رول اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملکارجن کھرگے کے خطاب سے ریاست میں پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں کا عملاً آغاز ہوجائیگا اور بوتھ سطح کے ایجنٹس اور سرگرم کارکن اپنے اپنے علاقوں میں کارکنوں کو ٹریننگ دیں گے۔ اسی دوران صدر پردیش کانگریس و چیف منسٹر ریونت ریڈی نے تمام لوک سبھا حلقوں کے انچارج قائدین اور کوآرڈینیٹرس سے ربط قائم کرتے ہوئے اپنے حلقہ جات میں موجود پولنگ بوتھس کی ٹیموں کو لال بہادر اسٹیڈیم کے اجلاس میں شریک کرانے کی ہدایت دی ہے۔ ریونت ریڈی نے اضلاع کے انچارج وزراء کو بھی اس سلسلہ میں ذمہ داریاں دی ہیں۔ ملکارجن کھرگے دورہ حیدرآباد کے موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین کے ساتھ اجلاس میں لوک سبھا چناؤ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کریں گے۔1