صنعتی اغراض کے آکسیجن گیاس سلنڈرس کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ

   

ریمیڈی سیور اور دیگر ادویات کی بلیک مارکٹنگ، حکومت خواب غفلت میں

حیدرآباد: وباء اور ہنگامی حالات میں انسانی زندگی کے تحفظ کیلئے استعمال کی جانے والی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جاتی ہے لیکن ریاست تلنگانہ میں اس کے برعکس اقدامات کئے جارہے ہیں اور حکومت کی جانب سے اس کالابازاری کو روکنے کیلئے اقدامات کے بجائے خاموشی اختیار کی جا رہی ہے۔ صنعتی اغراض و مقاصد کے لئے استعمال ہونے والی آکسیجن گیاس جو کہ فی سیلنڈر عام دنوں میں 200 روپئے میں فروخت کی جاتی تھی اب صنعتی اغراض و مقاصد کے لئے استعمال کو بند کئے جانے کے بعد 2500سے 3000روپئے میں فی سیلنڈر فروخت کیا جا رہا ہے اور سیلنڈر میں گیاس ریفل کرنے کے لئے بھی 1800 سے 2200 روپئے وصول کئے جا رہے ہیں جبکہ اس آکسیجن اور صنعتی اغراض کے لئے استعمال کی جانے والی آکسیجن میں کوئی فرق نہیں ہے۔ ملک میں ریاستی حکومتوں اورمرکزی حکومت کی جانب سے صنعتی اغراض و مقاصد کیلئے آکسیجن کی فروخت پر امتناع عائد کیا جاچکا ہے لیکن اس کے باوجود آکسیجن کی قیمت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ آکسیجن کی قلت سے نمٹنے کے لئے لازمی ہے کہ حکومت ریمڈی سیوراور دیگر ادویات کی کالا بازاری کرنے والوں کے خلاف جس طرح سے کاروائی کر رہی ہے اسی طرح گیاس سیلنڈرس بھرنے کیلئے ہزاروں روپئے وصول کرنے والوں کے خلاف بھی کاروائی شروع کرے تاکہ آکسیجن کے لئے شہریوں کو ہزاروں روپئے ادا نہ کرنا پڑے کیونکہ کئی مریضوں کو 20تا 25گیاس سیلنڈرس لگ رہے ہیں اور اس کیلئے انہیں ہزاروں روپئے صرف آکسیجن کے لئے ادا کرنے پڑرہے ہیں۔جناب حبیب عبدالقادر الحامد مالک نائس گیاس انڈسٹریس نے بتایا کہ جب تک مریضو ںکو آکسیجن کی معمول کے مطابق ضرورت محسوس ہورہی تھی اس وقت تک وہ صنعتی اداروں کو 170تا200 روپئے میں گیاس سیلنڈرس سربراہ کیا کرتے تھے لیکن جیسے ہی آکسیجن کی قلت پیدا ہونے لگ گئی آکسیجن کی قیمت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ اگر حکومت کی جانب سے زیر التواء ڈرگ لائسنس کی درخواستوں کی یکسوئی کرلی جاتی ہے تو ایسی صورت میں قلت کا سامنا نہیں رہے گا اور دونوں شہروں کے علاوہ پڑوسی اضلاع میں بھی کم قیمتو ںمیں گیاس کی سربراہی ممکن ہوپائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے ریمڈی سیور اور دیگر ادویات کو بلیک کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جار ہی ہے لیکن کم قیمت کی آکسیجن گیاس کو زیادہ قیمت میں فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کے بجائے اسے نظرانداز کیا جارہا ہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔ریاست تلنگانہ میں آکسیجن انڈسٹریز کو حکومت کی جانب سے ڈرگ لائسنس کی اجرائی پر روک لگائی گئی ہے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے تمام آکسیجن انڈسٹریز کو ڈرگ لائسنس کی اجرائی کے احکام جاری کئے گئے ہیں تاکہ اس معاملہ سے نمٹا جاسکے۔