ظہیرآباد منڈل میں ٹینکر کی آٹو رکشا کو ٹکر میں 7 زرعی مزدوروں کی ہلاکت، چیف منسٹر کا اظہار تعزیت
حیدرآباد 11 اگست (سیاست نیوز) ضلع سنگاریڈی میں پیش آئے دو علیحدہ سڑک حادثات میں زرعی مزدوروں سمیت 9 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک ہے۔ پہلا حادثہ ظہیرآباد منڈل کے ستوار گاؤں کے قریب پیش آیا جہاں ایک ٹینکر نے آٹو رکشا کو ٹکر مار دی۔ حادثے میں 7 افراد ہلاک اور 4 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو علاج کے لئے ظہیرآباد ایریا ہاسپٹل منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کا شکار افراد کرناٹک کے ضلع بیدر کے راجگیری گاؤں سے تعلق رکھنے والے زرعی مزدور تھے۔ وہ ظہیرآباد کے اطراف میں اُجرت پر کام کرنے کے بعد واپس اپنے گاؤں جارہے تھے۔ اطلاعات کے مطابق آٹو رکشا میں ڈرائیور سمیت 12 افراد سوار تھے جن میں 11 خاتون مزدور شامل تھیں۔ یہ خواتین مونی پلی منڈل کے بودیرا گاؤں میں کپاس کی فصل کیلئے کام مکمل کرنے کے بعد واپس لوٹ رہی تھیں۔ حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی شناخت ریکھا، سری دیوی، کویتا، ریشما اور آٹو ڈرائیور دیوداس کے طور پر کی گئی ہے۔ نرملہ، نکیتا، تلچماں، چندرا کلا، رادھیکا، شلپا اور شوبھا زخمی ہوئی ہیں۔ دوسرا حادثہ کوہیر منڈل کے وینکٹاپور جنکشن کے قریب پیش آیا جہاں ایک کار روڈ ڈیوائیڈر کو عبور کرتے ہوئے مخالف سمت سے آنے والی ٹریفک سے جا ٹکرائی۔ حادثہ کے نتیجہ میں چار گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور 2 افراد ہلاک ہوگئے۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ظہیرآباد منڈل کے ستوار گاؤں کے قریب پیش آئے المناک حادثے پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہلوکین کے افراد خاندان سے تعزیت کرتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔(ب؍V؍i)