طالبان انصاف پسندی سے کام لیں گے تو ہم ان کے ساتھ ہیں،ورنہ نہیں،افغانستان کی صورتحال پر مولانا ارشد مدنی کا بیان

,

   

جمعیت علماء ہند کے قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی نے دیوبند میں اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل بتائے گا کہ طالبان کا طریقہ کار اور راستہ ٹھیک ہے یا نہیں ، انہوں نے کہا کہ اگر طالبان افغانستان میں حکومت بنانے کے بعد تمام لوگوں کے ساتھ منصفانہ اور مساوی سلوک کریں گے تو پوری دنیا ان کی تعریف کرے گی اور پھر ہم بھی ان کے ساتھ ہیں لیکن اگر وہاں طالبان کی طرف سے ناانصافی اور زیادتی کی جائیگی، تو کوئی بھی ان کی حمایت نہیں کرے گا۔ مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو چلانے کے لیے دو چیزیں بنیادی ہیں ، ایک مفاہمت اور محبت اور دوسرے ملک میں رہنے والی اکثریت اور اقلیت کے ساتھ مساوی سلوک کرنا۔ اگر وہ ملک میں محبت اور امن قائم کرتے ہیں نیز سب کے ساتھ ساتھ یکساں سلوک کرتے ہیں۔ان کی حکومت میں اگر لوگ اپنی عزت ، جان و مال اور ہر چیز محفوظ سمجھتے ہیں ، پھر ایسی حکومتیں کامیاب ہوتی ہیں اور پوری دنیا کامیاب حکومتوں کی تعریف کرتی ہے