طلبہ سے داخلہ کے وقت منشیات کیخلاف حلفنامہ حاصل کیا جا ئے

   

گورنر شیو پرتاپ شکلا کی تجویز، عثمانیہ یونیورسٹی میں تقریب، طلبہ کو منشیات سے بچنے کا حلف دلایا

حیدرآباد۔28 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے طلبہ اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نشیلی اشیاء اور ڈرگس سے دوری اختیار کرتے ہوئے اپنے تابناک مستقبل کے خوابوں کی تکمیل کریں۔ گورنر نے نوجوانوں کو ڈرگس کی لعنت سے بچانے اور ایک صحت مند سماج کی تشکیل کی مہم میں شامل ہونے کی ہر شخص سے اپیل کی۔ گورنر نے آج عثمانیہ یونیورسٹی کے ٹیگور آڈیٹوریم میں نشہ مکت یووا فار وکست بھارت 2047 شعور بیداری مہم میں شرکت کی۔ تلنگانہ ریڈ کراس سوسائٹی اور عثمانیہ یونیورسٹی کے این ایس ایس سیل کی جانب سے مشترکہ طور پر اس مہم کا اہتمام کیا گیا تھا ۔ گورنر نے اس موقع پر طلبہ کو ڈرگس سے دوری اختیار کرنے کا حلف دلایا۔ شیو پرتاپ شکلا نے ریاستی حکومت کو تجویز پیش کی کہ اسکول اور کالجس میں داخلوں کے وقت ہی طلبہ سے ڈرگس سے دوری کا حلف نامہ حاصل کیا جائے۔گورنر نے کہا کہ تلنگانہ اور ملک کو ڈرگس کی لعنت سے پاک بنانے کیلئے نوجوانوں کو محفوظ رکھنا ضروری ہے۔ ڈرگس کے بڑھتے رجحان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ اس لعنت سے نہ صرف کوئی ایک شخص بلکہ کئی خاندان تباہ ہوسکتے ہیں اور نوجوانوں کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ویژن ڈرگ فری انڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے گورنر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے قومی سطح پر ڈرگس کے خلاف مہم شروع کی ہے۔ تلنگانہ کو 2029 تک ڈرگس سے پاک ریاست بنانے کے اقدامات کرنے چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈرگس سے متاثرہ افراد کو سماج سے علیحدہ کرنے اور ان کی توہین کے بجائے میڈیکل ٹریٹمنٹ ، کونسلنگ اور فیملی کیر کے ذریعہ انہیں معمول کی زندگی میں واپس لانے کے اقدامات کئے جائیں۔ گورنر نے کہا کہ ریڈ کراس سوسائٹی نے 6000 سے زائد والینٹرس کا انتخاب کیا ہے ۔ ڈرگس کے خلاف 60 روزہ شعور بیداری مہم کا 14 نومبر کو آغاز ہوگا جو 12 جنوری کو ختم ہوگی۔ انہوں نے تعلیمی اداروں ، ٹیچرس اور سرپرستوں سے اپیل کی کہ ڈرگس کے خلاف سمینار ، نمائش ، کونسلنگ سیشن اور ریالیوں کا اہتمام کریں۔ اسکولس ، جونیئر کالجس ، ڈگری کالجس ، انجینئرنگ کالجس اور یونیورسٹیز میں پابندی سے اہتمام کیا جائے ۔ انہوں نے ریاست کے تمام 33 اضلاع میں یہ مہم چلانے کی اپیل کی ۔ گورنر کے اسپیشل چیف سکریٹری دانا کشور نے کہا کہ منشیات کے خلاف مہم کیلئے گورنر نے خصوصی دلچسپی دکھائی ہے۔ گورنر نے اس موقع پر نشہ مکت بھارت کا پوسٹ اور اسٹیکر جاری کیا ۔ انہوں نے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا افتتاح کیا۔ وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر کمار ملگارم، جوائنٹ سکریٹری گورنر ششی کرن ، ریڈ کراس سوسائٹی کے جنرل سکریٹری راملو اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔1/k