ہندوستان سے ایک سال میں کافی کی 18 ہزار کروڑ برآمدات

   

کرناٹک اور آندھراپردیش سرفہرست، ٹاملناڈو، تلنگانہ اور مہاراشٹرا کا بہتر مظاہرہ
حیدرآباد 27 اکٹوبر (سیاست نیوز) یوں تو ہندوستان سے غذائی اجناس اور دیگر پیداوار کی برآمدات میں اضافہ ہوا ہے جن میں کافی کی برآمدات 2025-26ء میں مجموعی طور پر 18413 کروڑ درج کی گئی۔ ہندوستانی کافی کی دنیا کے کئی ممالک میں بڑھتی مانگ کے پیش نظر حکومت کی سطح پر برآمدات پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کافی کی برآمدات میں کرناٹک ملک میں سرفہرست ہے جہاں سے ایک سال میں 12364 کروڑ کافی کی برآمدات کی گئی۔ غذائی اجناس میں بہتر پیداوار کے اعتبار سے اپنی شناخت رکھنے والی ریاست آندھراپردیش نے کافی کی برآمدات میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ آندھراپردیش سے کافی کی برآمدات 2999 کروڑ درج کی گئی ہے۔ دیگر ریاستوں میں ٹاملناڈو، تلنگانہ اور مہاراشٹرا کا شمار بھی بہتر برآمدات والی ریاستوں میں کیا جاتا ہے۔ اِن ریاستوں سے علی الترتیب 824 کروڑ، 544 کروڑ اور 550 کروڑ کی برآمدات ہوئی ہیں۔ کیرالا، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، گجرات اور ہریانہ سے بھی کافی مختلف ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔ کافی کی پیداوار میں کرناٹک کے اضلاع میسور، ہاسن اور کوڈاگو نے ملک بھر میں اپنی منفرد شناخت بنائی ہے۔ کافی کی پیداوار اور برآمدات پر نظر رکھنے اور کاشتکاروں کی مناسب رہنمائی کے لئے سرکاری سطح پر کافی بورڈ اہم رول ادا کررہا ہے۔ ملک کے بہت کم علاقے ایسے ہیں جہاں کافی کی پیداوار نہیں ہے جبکہ اقل ترین پیداواری ریاستوں میں سکم، آسام، بہار، اترپردیش، اتراکھنڈ اور راجستھان شامل ہیں۔V/1/k/b