اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کرکے خودکشیوں کی روک تھام کیلئے خصوصی اقدامات کرنے چیف منسٹر سے مطالبہ
حیدرآباد 20 فروری (سیاست نیوز) بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا نے ریاست میں طلبہ کی خودکشی کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو اس کا سخت نوٹ لینے اور فوری اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کرنے کا مطالبہ کیا۔ حال ہی میں خودکشی کرنے والی طالبہ اسمتھا کے ارکان خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ کویتا نے حکومت کی تبدیلی کے بعد ابھی تک محکمہ تعلیم اور سوشیل ویلفیر ڈپارٹمنٹ کے لئے وزیر کا تقرر نہ کرنے پر افسوس کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہاکہ ہاسٹلس کی دیکھ بھال اور نگرانی کے معاملہ میں حکومت کی جانب سے غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ کویتا نے ہر ہاسٹل میں فرینڈلی ماحول کو فروغ دینے پر زور دیا۔ ہر ہاسٹل میں ایک سائیکالوجسٹ کا تقرر کرنے اور طلبہ کی قدم قدم پر حوصلہ افزائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ طلبہ کا جو ذہنی تناؤ ہے اس کو دور کرنے کے اقدامات کرنے کی حکومت سے اپیل کی ۔ اسمتھا کے ارکان خاندان کی بی آر ایس کی جانب سے مکمل تائید کرنے کا اعلان کیا۔ 2