عالم دین مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم سابق نائب مفتی جامعہ نظامیہ کا سانحہ ارتحال

   

حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) دکن کے مایہ نازسپوت مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم آج دوپہر طویل علالت کے بعد اپنے خالق حقیقی سے جاملے۔انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم صدر یونائیٹڈ مسلم فور م تلنگانہ و آندھراپردیش و صدر دارالقضاء و الافتاء الہندجو طویل عرصہ تک جامعہ نظامیہ میں نائب مفتی کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے اور وظیفہ حسن پر سبکدوشی کے بعد بھی ان کی علمی و دینی خدمات کا فیض تادم زیست جاری رہا۔ مفتی سید صادق محی الدین فہیم ناسازیٔ صحت کی بناء پر گذشتہ کئی دن سے شریک دواخانہ تھے اور آج دوران علاج ان کی روح قفس عنصری سے پرواز کرگئی ۔مولانا کی رحلت کی اطلاع کے ساتھ ان کے مریدین ‘ معتقدین ‘ و متوسلین کے علاوہ شاگردوں کی بڑی تعداد ان کے مکان واقع مصری گنج پر جمع ہونے لگی جہاں سے جنازہ بعد مغرب جامعہ نظامیہ لایا گیا جہاں ہزاروں شاگردوں اور لواحقین وپسماندگان کی موجودگی میں صلواۃ الجنازہ ادا کی گئی ۔ نماز جنازہ فرزند اکبر مولانا مفتی قاضی سید فاروق محی الدین نے پڑھائی جبکہ مولانا مفتی خلیل احمد امیر جامعہ ،جامعہ نظامیہ نے دعائے مغفرت کی ۔بعد ازاں احاطۂ درگاہ ابوالحسنات حضرت عبداللہ شاہ نقشبندیؒ ’نقشبندی چمن‘ ممصری گنج میں مولانا کے جسد خاکی کو سپرد لحد کیاگیا۔ مولانا کے سانحۂ ارتحال کی اطلاع عام ہوتے ہیملک و بیرون ملک میں موجود علماء و مشائخین کے ساتھ علمی ‘ ادبی ‘ فقہی و سماجی حلقوںمیں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔ مولانا کی علمی خدمات جامعہ نظامیہ میں درس و تدریس یا نائب مفتی جامعہ نظامیہ تک محدود نہیں رہی بلکہ مولانا نے طویل مدت تک لطیفیہ عربی کالج میں بھی بطور لکچرار خدمات انجام دیں۔ علاوہ ازیں ان کی علمی خدمات مذہبی اداروں کے ساتھ ساتھ عصری علوم سے امت کو آراستہ کرنے میں بھی انتہائی اہمیت کی حامل رہی ہیں۔ مولانا صادق محی الدین فہیم امت کی اتحاد امت کی خاطر انجام دی جانے والی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ انہوں نے اپنی زندگی میں کئی ایک اہم موضوعات پر امت کے اختلاف کو دور کرنے کے لئے تحقیقی مضامین شائع کرتے ہوئے امت میں پھیلنے والی بدگمانیوں کو دور کرنے کی کوشش کی۔ادارۂ سیاست میں بھی طویل مدت تک مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم کے اصلاح معاشرہ ‘ امت مسلمہ کے نوجوانوں کی تعلیم و تربیت ‘ دینی علوم کے ساتھ عصری علوم سے نوجوانوں کو بہرہ ور کرنے کی ضرورت کے علاوہ معاشرتی برائیوں سے سماج کو پاک بنانے پر خصوصی مضامین شائع ہوتے رہے ہیں۔مولانا اپنی حیات کے دوران شہر و ریاست کے علاوہ ملک کی کئی علمی ‘ غیر سرکاری اور سماجی تنظیموں سے وابستہ رہتے ہوئے نہ صرف امت مسلمہ کی خدمت انجام دی بلکہ معاشرتی اصولوں کے مطابق مار وطن کے مکینوں کی رہنمائی و رہبری میں بھی اپنا کلیدی کردار اداکیا۔ ان کے انتقال کی اطلاع کے ساتھ ہی اڈیشنل کمشنر حیدرآباد سٹی پولیس جناب تفسیر اقبال نے ان کے مکان پہنچ کر ہجوم پر قابو پانے کے لئے کئے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا اور پسماندگان سے ملاقات کرتے ہوئے تعزیت پیش کی۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی رکن پارلیمنٹ حیدرآباد‘ رکن اسمبلی بہادرپورہ جناب محمد مبین ‘ جناب عبید اللہ کوتوال صدرنشین تلنگانہ اقلیتی مالیاتی کارپوریشن ‘ کے علاوہ دیگر نے مولانا کے مکان پہنچ کر پسماندگان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا۔پسماندگان میں تین فرزندان مولانا مفتی قاضی سید فاروق محی الدین ‘ مولانا مفتی سید شاہد محی الدین سیکریٹری سری چندرا جونیئر اینڈ ڈگری کالج‘ مولانا مفتی ڈاکٹر سید عارف محی الدین کے علاوہ 5 دختران شامل ہیں۔ جامعہ نظامیہ میں نماز جنازہ کے دوران تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء و مشائخین کے علاوہ بلا سیاسی وابستگی قائدین ‘ صحافیوں اور معززین شہر کی بڑی تعداد موجود تھی۔جن میں قابل ذکر صدر نشین تلنگانہ وقف بورڈ سید عظمت اللہ حسینی ، مولانا سید نعمت اللہ قادری ، مولانا لطیف علی قادری ، مولانا لطیف احمد ،مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ ، مولانا مفتی مستان علی قادری ، حافظ صابر پاشاہ قادری ، مولانا حافظ محمد رضوان قریشی ، مولانا حافظ احسن بن عبدالرحمان الحمومی ، مولانا مفتی ابرار الحق قاسمی ، مولانا مفتی ابرار رحمانی ، ڈاکٹر اسلام الدین مجاہد ، مولانا غوث حسامی ، مولانا عرفان اللہ شاہ نوری ، میر ذوالفقار علی رکن اسمبلی چارمینار ، مولانا عبدالمجید نظامی ، جناب میر شجاعت علی جنرل منیجر روزنامہ سیاست اور کثیر تعداد میں علماء و مشائخین شریک تھے ۔

جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست کا اظہار تعزیت

حیدرآباد۔17۔نومبر(سیاست نیوز) جناب زاہد علی خان ایڈیٹر روزنامہ سیاست نے مولانا مفتی سید مفتی صادق محی الدین فہیم کے سانحہ ارتحال پر اپنے گہرے صدمہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم اپنے نام کے مطابق انتہائی فہم و فراست و ادراک کی حامل شخصیت تھے اور وہ ہمیشہ کسی بھی طرح کی نزاعی گفتگو سے خود کو دور رکھتے ہوئے اسلام کے اصولوں کے متعلق واقف کرواتے ہوئے اتمام حجت سے کام لیتے۔انہوں نے اپنے تعزیتی پیام میں مولانا کی علمی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سید مفتی صادق محی الدین فہیم نے اپنے فرزندان کی طرح اپنے شاگردوں کو بھی تیار کیا ہے جو کہ ملک و بیرون ملک میں دین اسلام کی خدمت انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی زندگی کے بہترین اثاثہ کے طور پر اپنے فرزندان تیار کرتے ہوئے امت مسلمہ کی خدمت کے لئے پیش کئے ہیں جو علمی میدان میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جناب زاہد علی خان نے ادارہ سیاست میں مولانا مفتی صادق محی الدین فہیم کے مضامین کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے امت کی رہنمائی و رہبری کے معاملہ میں ہمیشہ ہی حق گوئی و بے باکی کا مظاہرہ کیا۔ایڈیٹر سیاست نے مفتی صاحب کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا کے سانحہ ارتحال سے شہر حیدرآباد میں ’علم کا ایک اور روشن چراغ گل ہوگیا‘ انہوں نے کہا کہ وہ پسماندگان کے لئے صبر جمیل کے ساتھ امت کے لئے مولانا کے بہتر نعم البدل کے لئے اللہ سے دعاگو ہیں تاکہ اس شہر علم و ہنر میں امت کی رہبری و رہنمائی کا سلسلہ جاری رہے۔3