ممبئی ۔ عامر خان کے مداحوں نے انہیں 2 سال قبل لال سنگھ چڈھا فلم میں دیکھا تھا۔ اس فلم سے کافی توقعات وابستہ تھیں لیکن باکس آفس پر لال سنگھ چڈھا کو شائقین نے پسند نہیں کیا۔ فلم ناکام ہوتے ہی عامر خان نے وقفہ لینے کا فیصلہ کیا۔ اگرچہ انہوں نے بڑے پردے سے دوری بنائی ہے لیکن عامر خان مسلسل فلموں سے جڑے ہوئے ہیں۔ پچھلے دو سالوں میں عامر نے فلمیں کرنے سے زیادہ فلم بنانے پر توجہ دی لیکن جیسے ہی اداکار کی واپسی کی خبر آئی، ان کے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ آگئی۔ عامر خان ‘ستارے زمین پر’ سے واپسی کرنے جا رہے ہیں۔ یہ فلم کرسمس کے موقع پر سینماگھروں کی زینت بننے والی تھی لیکن اب لگتا ہے کہ عامر کو دیکھنے کے لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔ فلم بنانے والوں نے عامر کی واپسی کے لیے کرسمس کے ہفتے کا انتخاب کیا تھا۔ خبری کی رپورٹ کے مطابق ستارے زمین پر بنانے والے اسے ملتوی کر سکتے ہیں۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو کرسمس کے ہفتے میں تین بڑی فلمیں ایک دوسرے سے ٹکرانے والی ہیں۔ ایک طرف ہالی ووڈ کی ‘مفاسا: دی لائن کنگ’، دوسری طرف رام چرن کی ‘گیم چینجر’ اور تیسری طرف اکشے کمارکی ‘ویلکم ٹو دی جنگل’ ہے۔ رام چرن کی ‘گیم چینجر’ کو ایک بڑی فلم قرار دیا جا رہا ہے لیکن اب اس کا براہ راست مقابلہ شاہ رخ خان اور مہیش بابو سے ہونے جا رہا ہے۔’ستارے زمین پر’ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ ہدایت کار آر ایس پرسنا اس فلم کا کام وقت پر مکمل نہیں کر پائیں گے۔ اس وجہ سے انہیں اپنی فلم ملتوی کرنی پڑے گی۔ تاہم میکرز نے ابھی تک فلم کے ملتوی ہونے کی خبر کی تصدیق نہیں کی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عامر خان فلم کے کام سے خوش ہیں۔ وہ اس فلم کو ناظرین کے سامنے جاری کرنے کے لیے پرجوش ہیں۔ تاہم اداکار کا یہ بھی ماننا ہے کہ فلم کو ابھی مزید وقت درکار ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم کم ازکم تین ماہ کی تاخیر سے آنے والی ہے۔ ایک طرف ‘ستارے زمین پر’ کو ملتوی کرنے کی بات ہو رہی ہے، وہیں دوسری طرف اس فلم کے شریک پروڈیوسر جیو اسٹوڈیو اس تاریخ کو اپنی دوسری فلم ریلیزکرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ ورون دھون کی بے بی جان اب 25 دسمبر 2024 کو ریلیز کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ تاہم اس کی تصدیق میکرزکی جانب سے بھی نہیں ہوئی ہے۔ حال ہی میں یہ خبر آئی تھی کہ کرسمس کے موقع پر ریلیز ہونے والی فلم ‘ویلکم ٹو دی جنگل’ کا پروڈکشن کام مکمل نہیں ہوسکا ہے۔ اب رام چرن کی ‘گیم چینجر’ اور شاہ رخ ۔ مہیش بابو کی ‘مفاسا: دی لائن کنگ’ کے درمیان سیدھا مقابلہ ہونے جا رہا ہے۔ ایک طرف کیارا اڈوانی رام چرن کے ساتھ نظر آنے والی ہیں۔ شاہ رخ خان نے ‘مفاسا: دی لائن کنگ’ کے ہندی ورژن میں ڈبنگ کی ہے۔ اس فلم میں شاہ رخ کے علاوہ آریان اور ابرام کی آوازیں بھی سنائی دیں گی۔ جبکہ فلم کے تیلگو ورژن میں مہیش بابو نے اسی کردارکو آواز دی ہے جس کا وائس اوور شاہ رخ نے ہندی میں کیا ہے۔ ایسے میں رام چرن کو شاہ رخ اور مہیش بابو کے مداحوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔