بجرنگ دل نے مار پیٹ کے بعد سڑک پر گھمایا، خاطیوں کی گرفتاری کا مطالبہ
بھوپال ۔ 13 مئی (ایجنسیز) مسلم برادری کے سینکڑوں ارکان نے گزشتہ روز بھوپال میں زبردست احتجاج کرتے ہوئے دو روز قبل گوئند پورا کی ایک ہوٹل میں ایک مسلم نوجوان کو شدید زدوکوب کرنے اور اسے سڑک پر عوام میں نیم برہنہ گھمانے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ احتجاجیوں نے بھوپال سٹی کے قاضی سید مشتاق علی ندوی کی قیادت میں وارننگ دی کہ اندرون 24 گھنٹے ملزمین کو گرفتار نہ کیا گیا تو شہر میں بند منایا جائے گا۔ احتجاجیوں نے کہا کہ پولیس والے اس واقعہ کے وقت موجود تھے لیکن وہ حملہ آوروں کے خلاف خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ کانگریس لیجسلیٹرس عارف مسعود اور عاطف عقیل کے ساتھ مجلسی لیڈر محسن علی بھی مظاہرہ میں شامل ہوئے۔ قاضی ندوی نے ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس حملہ کو فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی جذبات پر بھی حملہ قرار دیا۔ احتجاجی لوگ پولیس کنٹرول روم تک آگے بڑھے اور فوری سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بتایا گیا کہ بجرنگ دل کے کارکنوں نے عارف خان پر حملہ کیا اور اسے نیم برہنہ کرکے سڑک پر گھمایا۔ بجرنگ دل نے عارف پر ایک خاتون کے ساتھ ناجائز رشتہ رکھنے کا الزام عائد کیا اور عارف کو ہوٹل کے روم میں مارپیٹ کرنے کے بعد سڑک پر لے آئے۔