بیجنگ، 13 مئی (یو این آئی) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ چہارشنبہ کے روز چین پہنچے ، جہاں ان کا پرتپاک خیر مقدم کیا گیا۔ اس موقع پر ان کے استقبال کیلئے منعقدہ تقریب میں روایتی وقار اور فوجی اعزاز کا مظاہرہ کیا گیا۔اس دورے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ، چین کے صدر شی جن پنگ نے استقبالیہ وفد کی قیادت کیلئے چین کے نائب صدر ہان ژینگ کو بھیجا۔ ہان ژینگ کو صدر شی کا اہم سفارتی نمائندہ تصور کیا جاتا ہے ۔ وہ اس سے قبل چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اعلیٰ ترین فیصلے کرنے والے ادارے ‘پولیٹ بیورو’ کی مستقل کمیٹی کے رکن رہ چکے ہیں اور گزشتہ سال ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری میں بھی شریک ہوئے تھے ۔ہوائی اڈے پر موجود دیگر حکام میں چین میں متعین امریکی سفیر ڈیوڈ پرڈیو، امریکہ میں چین کے سفیر شی فینگ اور چین کی وزارتِ خارجہ کے ایگزیکٹو ڈپٹی منسٹر ما ژاکشو شامل تھے ۔ ٹرمپ کا استقبال کرنے کیلئے نیلی اور سفید وردی میں ملبوس تقریباً 300 چینی نوجوانوں نے ہاتھوں میں چین کے جھنڈے تھامے رن وے پر مارچ کیا۔ اس دوران ‘گارڈ آف آنر’ اور ملٹری بینڈ بھی موجود تھا۔ صدر ژی جن پنگ جمعرات کی صبح مقامی وقت کے مطابق ٹرمپ کا باقاعدہ رسمی استقبال کریں گے ۔ چین میں ٹرمپ کی آمد کو دنیا کی دو سب سے بڑی اقتصادی قوتوں کے درمیان تعلقات کیلئے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے ۔ 2017 میں ان کے آخری دورۂ چین کے بعد، یہ کسی بھی امریکی صدر کا پہلا دورہ ہے ۔