عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر پر راجہ سنگھ کی مخالفت افسوسناک

   

صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ کی تنقید
حیدرآباد۔/2فروری، ( سیاست نیوز) حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر محمد سمیر ولی اللہ نے عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر کی راہ میں بی جے پی رکن اسمبلی راجہ سنگھ کی جانب سے رکاوٹوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ گوشہ محل پولیس اسٹیڈیم کی اراضی پر عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر ریونت ریڈی حکومت کا تاریخی فیصلہ ہے اور راجہ سنگھ گوشہ محل اسمبلی حلقہ اور عوام کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے مخالف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاسپٹل کی تعمیر کی صورت میں اطراف کے علاقوں کے عوام کے متاثر ہونے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ سمیر ولی اللہ نے کہا کہ راجہ سنگھ خود علاقہ کیلئے ایک انفیکشن کی طرح ہیں جو عوام کی بھلائی اور علاقہ کی ترقی کو روک رہے ہیں۔ رکن اسمبلی کی حیثیت سے راجہ سنگھ نے حلقہ کی ترقی کے حق میں کوئی کارنامہ انجام نہیں دیا۔ گوشہ محل میں ایک بھی بڑا پراجکٹ منظور نہیں کیا گیا۔ بہتر سڑکیں، اسکولس، ہاسپٹلس اور فلاحی اسکیمات سے حلقہ کے عوام محروم ہیں۔ ریونت ریڈی حکومت عالمی سطح کی طبی سہولتوں کے ساتھ عثمانیہ ہاسپٹل کی تعمیر کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوشہ محل کے علاقہ اور عوام کیلئے ترقی کی راہ میں راجہ سنگھ اہم روکاٹ ہیں اور عوام راجہ سنگھ کو سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد اور ریاست بھر کے غریبوں کیلئے بہتر طبی سہولتوں کے ساتھ عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت کی تعمیر آئندہ دو برسوں میں مکمل کرلی جائے گی۔1