عوام سے وعدوں کی تکمیل پر حکومت توجہ دے : سامبا سیوا راؤ

   

حیدرآباد 28 مارچ (سیاست نیوز) سی پی آئی کے سکریٹری اور رکن اسمبلی کے سامبا سیوا راؤ نے کہاکہ تلنگانہ میں کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض معافی وعدے پر عمل میں یکسانیت نہیں ہے۔ کئی کسان حکومت کی اِس اسکیم سے ہنوز محروم ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عہدیدار تکنیکی مسائل کا بہانہ بناکر کسانوں کو اسکیم سے محروم رکھے ہوئے ہیں۔ اُنھوں نے حکومت سے مطالبہ کیاکہ 2 لاکھ روپئے تک کے قرض جات کی معافی کا وعدہ پورا کیا جائے۔ سی پی آئی قائد نے کہاکہ ریاستی بجٹ میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سابق کی طرح حکومت نے ترجیحی شعبوں کو مناسب بجٹ مختص کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تعلیم کیلئے 14 فیصد بجٹ کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن محض 8 فیصد بجٹ مختص کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ سابق میں حاصل کئے گئے قرض کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ موجودہ بجٹ کے مؤثر استعمال پر حکومت کو توجہ دینی چاہئے۔ انتخابی وعدوں پر عمل آوری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ سامبا سیوا راؤ نے کہاکہ کانگریس نے انتخابات کے موقع پر عوام سے وعدے کئے اور اب اُن پر عمل میں مشکل کا سامنا ہے۔ سی پی آئی قائد نے کہاکہ اِس مرتبہ اسمبلی کی کارروائی بہتر انداز میں چلائی گئی۔1