غزہ: انڈونیشیائی ہاسپٹل میں قیامت خیز صورتحال

,

   

اسرائیلی بمباری میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی۔ دواخانوں کیخلاف وحشیانہ جنگ

غزہ : اسرائیلی قابض فوج نے فلسطین کے علاقہ غزہ کی پٹی میں اسپتالوں کے خلاف وحشیانہ جنگ جاری ہے۔ اسپتالوں کے خلاف تازہ جارحیت کے نتیجے انڈونیشی اسپتال میں درجنوں فلسطینی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں میں زخمی، مریض اور دوسرے شہری شامل ہیں۔ 7 اکتوبر کو غزہ کی پٹی پر جنگ شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل نے حماس کے مراکز اور ان کے نیچے سرنگوں کی موجودگی کے بہانے خاص طور پر شمال میں پٹی کے بہت سے اسپتالوں کو نشانہ بنایا ہے۔ تاہم اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے بار بار اور واضح طور پر اسپتالوں کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کی تردید کی ہے۔ تازہ ترین اسرائیلی بمباری میں غزہ کے انڈونیشیا اسپتال کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ پیر کے روز شمالی غزہ میں انڈونیشیا کے اسپتال کے آس پاس کے علاقے پر توپ خانے سے شیلنگ اور فضائی بمباری کی اطلاع دی۔ دریں اثنا فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا کہ انڈونیشیا کے اسپتال پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں 12 شہید اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین نے تصدیق کی کہ بمباری کے نتیجے میں بے گھر افراد، مریض اور ڈاکٹر زخمی ہوئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ایک گولہ اسپتال کے صحن کے اندر گرا، جبکہ قریبی عمارتوں میں سے ایک میں آگ بھڑک اٹھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بمباری کی کارروائیوں کی وجہ سے جنریٹر بند ہونے کے بعد اسپتال سے بجلی منقطع کر دی گئی۔ نیز غزہ کے صحت کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر منیر البرش نے بتایا کہ بمباری میں انڈونیشیا کے اسپتال کے آپریشنز کے شعبہ کے ساتھ ساتھ اسپتال کے اطراف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ’انڈونیشی‘ اسپتال کے اندر موجود صحافیوں میں سے ایک نے ایک ویڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں اس نے اسپتال کے اندر کی صورتحال کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے اسپتال پر گھیرا تنگ کرنے کا خطرہ ہے اور ممکنہ طور پر یہ آخری ویڈیو ہوسکتی ہے۔ مرکزاطلاعات فلسطین نے مذکورہ اسپتال کی طرف توپ خانے کی گولہ باری کے علاوہ کئی دوسرے مقامات پر شدید گولہ باری کی بھی اطلاع دی۔ اس کے علاوہ اسرائیلی بمباری میں غزہ کی پٹی کے شمال میں جبالیہ میں العودہ اسپتال کے آس پاس کے علاقے اور رفح کے مشرق میں النجار اسپتال کے قریب دو مکانات کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ غزہ پر اسرائیلی جارحیت کو 45 دن ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی بربریت میں اب تک تیرہ ہزار فلسطینی شہید اور تیس ہزارسے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
شہید اور زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔60 سے زائد ایمبولینسوں پر حملہ کیا گیا، جن میں سے 55 کو نقصان پہنچا اور سروس سے باہر کر دیا گیا۔ جبکہ غزہ کے 35 میں سے 26 اسپتال، اور 72 میں سے 52 پرائمری ہیلتھ کیئر کلینکس، یا دو تہائی سے زیادہ، بمباری یا ایندھن کی کمی کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی وجہ سے سروس سے باہر تھے۔