غزہ ؍ ریاض ۔ 12 اگست (ایجنسیز) جنگ زدہ غزہ جہاں لاکھوں بچوں کے کئی تعلیمی سال اسرائیل نے دو سال سے طویل جنگ میں برباد اور غزہ کا تعلیمی انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے میں ایک بار پھر تعلیمی شروعات ہو رہی ہیں۔ اس سلسلے میں شاہ سلمان ریلیف کے زیر اہتمام بچوں کو تعلیم دینے کی تیاری کی جا رہی ہے۔ یہ سعودی مدد سے چلایا جانے والا منصوبہ ہے۔شاہ سلمان ریلیف بچوں کی تعلیم کیلئے محفوظ ماحول کے اہتمام کیلئے کوشاں ہے۔ سعودی مرکز برائے ثقافتی ورثہ اس سلسلے میں شاہ سلمان ریلیف کا غزہ کی پٹی میں شراکت دار ہے۔ اس پلیٹ فارم سے غزہ کے بچوں کی تعلیم پھر سے شروع کرنے کیلئے بچوں کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے۔ان اسکولوں کو مکہ اسکول کا نام دیا جارہا ہے۔ ایک اسکول میں 1000 بچے اور بچیاں تعلیم پا سکیں گے۔ جبکہ ان 1000 بچوں کیلئے 32 معلمین فراہم ہوں گے۔ یہ گنجائش 4000 بچوں تک بڑھائی جائے گی۔ ابراہیم رمضان مشرقی خان یونس میں تعلیمی شعبے میں ڈائریکٹر ہیں، انہوں نے اسکولوں کے اس آغاز کی اطلاعات کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا اس سے غزہ میں تعلیمی شعبے کو پھر سے کھڑا کرنے میں مدد ملے گی۔یہ سارے انیشیٹیو شاہ سلمان ریلیف کے اس بین الاقوامی ادارے کی طرف سے چل رہے ہیں۔