حیدرآباد۔/2 اپریل، ( سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی قائد کے گوردھن ریڈی کو نیلور ضلع پولیس نے غیرقانونی طور پر کانکنی کے معاملہ میں نوٹس جاری کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے پیش ہونے کی ہدایت دی ہے۔ پولیس کی جانب سے یہ دوسری مرتبہ نوٹس جاری کی گئی۔ حیدرآباد کے سری نگر کالونی علاقہ میں واقعہ گوردھن ریڈی کی قیامگاہ پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس کی زیر قیادت ٹیم نے پہنچ کر نوٹس حوالے کرنے کی کوشش کی۔ پولیس کو بتایا گیا کہ گوردھن ریڈی مکان پر موجود نہیں ہیں جس پر پولیس نے رشتہ داروں کو نوٹس حوالے کردی۔ نوٹس میں 3 اپریل کو تحقیقات کیلئے نیلور رورل ڈی ایس پی کے روبرو حاضر ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔ پولیس نے ابھی تک دو مرتبہ نوٹس جاری کی لیکن وائی ایس آر کانگریس قائد پیش نہیں ہوئے۔1