چیف منسٹر کے سی آر کو ریونت ریڈی کا کھلا مکتوب
حیدرآباد۔/23 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کھمم میں فاریسٹ رینج آفیسر سرینواس راؤ کی ہلاکت کو روکنے میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا۔ جنگلاتی اراضی پر جاری تنازعہ کا حل تلاش کرنے میں حکومت کی ناکامی کے سبب فاریسٹ رینج آفیسر سرینواس راؤ قبائیلیوں کے حملہ میں اپنی جان گنوا بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلاتی اراضی کا تنازعہ ایک سنگین مسئلہ ہے اور اس مسئلہ پر تلنگانہ میں خون خرابہ جاری ہے۔ قبائیلیوں اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں میں تنازعہ شدت اختیار کرچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرینواس راؤ ایک دیانتدار آفیسر تھے اور حکومت کی ناکامی کے نتیجہ میں ان کی موت واقع ہوئی۔ ریونت ریڈی نے اسے سرکاری قتل قرار دیا اور کہا کہ چیف منسٹر کو اس کی مکمل ذمہ داری قبول کرنی چاہیئے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ آٹھ برسوں میں حکومت جنگلاتی اراضی پر کاشت کرنے والوں کو اراضی کے حقوق حوالے کرنے کا وعدہ کررہی ہے تو دوسری طرف محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو قبائیل کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی گئی۔ حکومت کے دوہرے رویہ کے نتیجہ میں گذشتہ تین برسوں میں قبائیل اور محکمہ جنگلات میں تنازعہ روز کا معمول بن چکا ہے۔ ریاست بھر میں قبائیل کے خلاف کئی مقدمات درج کئے گئے۔ سابق میں بھی مجالس مقامی کے عوامی نمائندوں اور محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کو نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ قبائیل میں جنگلاتی اراضی کے پٹہ جات کی تقسیم کے منصوبہ کا فوری اعلان کیا جائے۔ عہدیداروں کو ہدایت دی جائے کہ وہ قبائیل کے ساتھ تنازعہ پیدانہ کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ قبائیلی اراضی کے مسئلہ پر کانگریس عنقریب احتجاجی لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔ر