پیرس : ہیکرز نے فرانس کی قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کرکے اسے درہم برہم کرکے رکھ دیا۔ اس کے بعد ویب سائٹ کو بند کردیا گیا۔ ماہرین نے بتایا کہ پیرس کی جانب سے کیف کی حمایت کے بدلے میں روس نواز ہیکنگ گروپ ’’ نو نیم‘‘ نے پارلیمنٹ کی ویب سائٹ پر سائبر اٹیک کیا ہے۔”ایجنسی فرانس پریس” کے مطابق سائبر ڈیفنس کے انچارج تھیلس گروپ کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر ایوان فونٹارینسکی نے کہا کہ ویب سائٹ کو “سروس سے انکار” کے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ ویب سائٹ پر اس حد سے زیادہ درخواستیں دے دی گئی تھیں جس حد کو ویب سائٹ سنبھالنے کی قدرت رکھتی تھی۔ ماہرین نے کہا کہ ماسکو کا حامی یہ ہیکر گروپ خود کو ’’ (16) Noname057 ‘‘کا نام دیتا ہے۔ اس گروپ نے اپنے ٹیلی گرام چینل پر سائبر حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ گروپ نے ظاہر کیا ہے کہ یہ کیف کی حمایت کا بدلہ ہے۔ فرانس نے حال ہی میں اس نوعیت کے کئی سائبر اٹیکس کا سامنا کیا ہے۔