منیلا : فلپائن میں حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک دن میں دو فضائی حادثے پیش آئے ہیں۔ ایک حادثے میں دو فوجی پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک پرائیویٹ طیارہ بھی لاپتا ہے۔ اے ایف پی کے مطابق ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ منگل کو لاپتہ ہونے والے طیارے کو تلاش کر رہے ہیں جس میں چھ افراد سوار تھے۔بتان صوبے کی پولیس کے سربراہ کرنل رومل ویلاسکو کا کہنا ہے کہ بدھ کو فوجی طیارہ مارشیٹی ایس ایف 260 تربیتی پرواز کے دوران منیلا کے قریب چاول کے ایک کھیت میں گر گیا جس میں پائلٹ سمیت فضائیہ کا ایک اور اہلکار ہلاک ہو گیا۔کرنل رومل ویلاسکو نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ ’کوئی بھی زندہ نہیں بچا اور ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشیں مل گئی ہیں۔‘فضائیہ کے ترجمان کرنل کونسولو کاستیلو نے صحافیوں کو بتایا کہ حادثے کی وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔جون 2021 میں تربیت کے دوران ایس 70 آئی کے گرنے کے بعد فوج نے اپنے بلیک ہاک کا بیڑہ عارضی طور پر گراؤنڈ کر دیا تھا۔ اس حادثے میں چھ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ہوابازی کے شعبے کے ترجمان ایرک اپولونیو کا کہنا ہے کہ لاپتا ہونے والے طیارے نے کوایان ایئرپورٹ سے اڑان بھری تھی جس کو سیرا میدر کے ایک پہاڑی سلسلے سے گزر کر جانا تھا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’اڑان بھرنے کے چار منٹ بعد طیارے کا رابطہ ایئر ٹریفک کنٹرول سے منقطع ہو گیا۔