لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کیلئے آن لائین درخواستوں کا لزوم

   

سائبر آباد پولیس کا اقدام ۔ تمام مذہبی جلسوں پر نئے رولس کا اطلاق ہوگا

حیدرآباد 29 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبر آباد پولیس نے لاؤڈ اسپیکر کے لائسنس کیلئے ایک نئے آن لائین طریقہ کار کو رائج کرنے کا اعلان کیا ہے اور اب قدیم مینول سسٹم ختم کردیا گیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ شہریوں کی جانب سے صوتی آلودگی کی شکایات میںاضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ طریقہ کار رائج کیا گیا ہے اور مذہبی تہواروں کے دوران ان معاملات پر تشویش بھی لاحق ہوتی ہے ۔ مذہبی تہواروں میں عوام کا ہجوم بھی بہت زیادہ ہوتا ہے ۔ سائبر آباد پولیس کمشنر اوینات موشہنتی نے کہا کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے نیا طریقہ کار رائج کیا گیا ہے اور اب لاؤڈ اسپیکر کی فراہمی اور اس کے استعمال کیلئے درخواستیں آن لائین پروسیس کی جائیں گی ۔ یہ طریقہ کار حیدرآباد سٹی لاؤڈ اسپیکرس رولس 1963 کے مطابق کیا گیا ہے ۔ قبل ازیں حیدرآباد پولیس نے ساؤنڈ سسٹم کیلئے کچھ حدود کا تعین کیا تھا اور ان کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کا آغاز بھی کیا گیا ہے جن میں جرمانے عائد کئے جاسکتے ہیں یا قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے ۔ کہا گیا ہے کہ یہ رولس حیدرآباد میں تمام مذہبی جلوسوں پر لاگو ہونگے اور درخواست گذاروں کیلئے ضروری ہے کہ وہ www.cyberabadpolice.gov.in پر آن لائین درخواست پیش کریں۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے یہ بات بتائی۔