حیدرآباد :28ستمبر ( سیاست نیوز) منچریال ضلع میں نپور روڈ پر لاری اور آٹو کے درمیان تصادم کے نتیجہ میں چار خواتین کی موت ہوگئی جبکہ دیگر تین خواتین زخمی ہوگئی ۔ پولیس نے بتایا کہ مہلوکین کی شناخت سوندریا ، لکشمی ، سونیا اور سوما لتا کے طور پر کی گئی جو منچریال ٹاون کے ایک شاپنگ مال میں ملازمت کرتی تھی جو آٹو کے ذریعہ پیر کی صبح شاپنگ مال جارہی تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ سوندریا اور لکشمی کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ سونیا اور سوما لتا کی موت دواخانہ میں دوران علاج ہوئی ۔ دیگر تین خواتین کی حالت بھی تشویشناک بتائی گئیہے ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ آٹو ڈرائیور نے نپور کے قریب اچانک یوٹرن لیا جس کی وجہ سے مخالف سمت سے آنے والی لاری نے آٹو کو ٹکر دیدی ۔ اطلاع ملتے ہی راما گنڈم پولیس کمشنر امبر کشور جھا نے جائے وقوع کا معائنہ کیا ۔ وزیر لیبر جی وینکٹ سوامی نے حادثہ میں ہلاک ہونیوالوں کو 25 ہزار روپئے اور زخمیوں کو 10ہزار روپئے کی فوری مالی امداد کا اعلان کیا ۔