جے ڈی(یو) قومی عاملہ کی میٹنگ پارٹی صدر کے عہدے سے استعفیٰ کی افواہوں کے درمیان جاری رہی
نئی دہلی۔اس پیش رفت سے واقف لوگوں کے بموجب جنتا دل (یو) قومی صدر راجیو رنجن سنگھ عرف للن سنگھ نے نئی دہلی میں قومی عاملہ کے اجلاس میں اپنا عہدہ چھوڑنے کی پیشکش کی ہے۔
جے ڈی(یو) کے ریاستی صدر امیش کشواہا نے کہاکہ پارٹی کی قومی عاملہ کے بہار چیف منسٹر نتیش کمار سے درخواست کی ہے کہ وہ پارٹی اورقوم کے بڑے مفاد میں اس عہدے کی ذمہ داری سنبھالیں۔
نئی دہلی میں منعقد ہوئے آج کے اہم اجلاس کے درمیان یہ افواہیں گشت کررہی ہیں کہ للن سنگھ نے پارٹی کے اعلی عہدہ چھوڑ دیاہے تاکہ کمار کی واپسی کی راہ ہموار ہوجائے۔قومی عاملے کی جانب سے لئے گئے فیصلوں کی توثیق بعد میں منعقد ہونے والی جے ڈی (یو) کونسل اجلاس میں کی جائے گی۔
بہار کے وزیروجئے کمار چودھری نے کہاکہ ”یہاں پر جے ڈی یو کی قومی عاملہ کا اجلاس ہے۔ اگر وہ ہماری تجویز قبول کر لیتے ہیں تو نتیش کمار پارٹی کے صدر ہوں گے۔
للن سنگھ نے چیف منسٹر نتیش کمار سے کہاکہ وہ انتخابات میں مصروف ہوں گے‘اس لئے وہ چاہتے ہیں پارٹی صدر کا عہدہ انہیں سونپیں اور نتیش کمار نے اس کو قبول کرلیاہے“۔
کمار نے قبل ازیں یہی کہاتھا کہ قومی درالحکومت میں اہم اجلاس سالانہ مشق کا حصہ ہیں۔ جمعرات کے روز چیف منسٹر نے پٹنہ میں رپورٹرس کو بتایا تھا کہ ”ہر سال یہ میٹنگیں ہوتی ہیں۔ یہ معمول ہے‘ ان تمام میں کوئی خاص چیز نہیں ہے۔
یہ معمول کی میٹنگیں ہیں“۔ سنگھ نے اس بات کی تصدیق کی کہ نتیش کمار پارٹی کے لیڈر ہیں اور دعویٰ کیاکہ ان کے مستقبل اور نتیش کے ساتھ اختلافات کے بارے میں افواہیں بی جے پی کے کہنے پر پھیلائی جارہی ہیں۔
سنگھ نے طنزیہ انداز میں کہاکہ ”اگر مجھے استعفیٰ دینا ہے تو میں آپ(میڈیا والوں)کو فون کروں گا‘اور آپ سے مشورہ کروں گاکہ استعفیٰ کے خط میں کیالکھوں تاکہ آپ بی جے پی کے دفتر جاکر مسودہ حاصل کرسکیں“