تلنگانہ سے سرفراز احمد اور لوکیش کمار کی شرکت، اسمبلی چناؤ کے تجربات سے استفادہ کی ہدایت
حیدرآباد 12 جنوری (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن نے تمام ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کا دو روزہ اجلاس دہلی میں طلب کیا۔ نئی دہلی کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیموکریسی اینڈ الیکشن مینجمنٹ میں 11 اور 12 جنوری کو دو روزہ کانفرنس میں ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس نے کمیشن کو تجاویز پیش کی۔ تلنگانہ چیف الیکٹورل آفس کے عہدیداروں نے حالیہ چناؤ کے تجربات اور دیگر امور پر تفصیلات بیان کی۔ انتخابی تیاریوں ، اخراجات پر نظر رکھنے ، ووٹر لسٹ کی تیاری، الیکٹرانک ووٹنگ مشن کے تحفظ اور وی وی پیاٹ کے بارے میں تلنگانہ کے تجربات بیان کئے۔ لوکیش کمار ایڈیشنل چیف الیکٹورل آفیسر اور سرفراز احمد جوائنٹ چیف الیکٹورل آفیسر نے کانفرنس میں پریزینٹیشن دیتے ہوئے اسمبلی چناؤ کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کی تفصیلات پیش کی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ سیاسی پارٹیوں کے نمائندوں کے ساتھ ہر ہفتہ اجلاس طلب کیا گیا ۔ اس کے علاوہ 18 سے 19 سال عمر کے رائے دہندوں کے نام شامل کرنے شعور بیداری مہم چلائی گئی ۔ فہرست رائے دہندگان میں خامیوں کو درست کرنے پر توجہ دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے حالیہ اسمبلی انتخابات کے کامیاب انعقاد کے لئے ریاستوں کے چیف الیکٹورل آفیسرس کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی عہدیداروں کو لوک سبھا الیکشن کی تیاریوں کا آغازکرنا چاہئے ۔ چیف الیکٹورل آفیسرس نے اپنی اپنی ریاستوں کے تجربات بیان کرتے ہوئے انتخابی تیاریوں میں مدد کی ہے۔ راجیو شرما نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ تجربات سے سیکھتے ہوئے لوک سبھا کیلئے مزید بہتر انتظامات کو یقینی بنائیں۔1