لکشیا سین نے ہائلو اوپن بیڈمنٹن ٹورنمنٹ کا خطاب جیت لیا

   

فائنل میں انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی کو 21-17، 21-10 سے شکست

ممبئی۔ 2؍ نومبر( ایجنسیز) ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار لکشیا سین نے جرمنی میں منعقدہ ہائلو اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کا خطاب جیت لیا۔ اتوار کو کھیلے گئے فائنل میں انہوں نے انڈونیشیا کے جوناتھن کرسٹی کو راست گیموں میں 21-17، 21-10 سے شکست دے کر رواں سیزن کا پہلا خطاب اپنے نام کرلیا۔عالمی درجہ بندی میں 14ویں مقام پر فائز لکشیا سین نے مقابلے کے دوران شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ان کے جارحانہ اسماش، نیٹ پر تیز رفتار حرکت اور بہترین دفاع نے حریف کھلاڑی کو دباؤ میں رکھا۔مقابلے کے پہلے گیم میں لکشیا سین نے 18-10 کی سبقت حاصل کرلی تھی تاہم اس کے بعد ان کے کھیل میں قدرے سستی دیکھی گئی اور جوناتھن کرسٹی نے اسکور 18-17 تک پہنچادیا لیکن اہم موقع پر ہندوستانی کھلاڑی نے اپنی توجہ دوبارہ مرکوز کرتے ہوئے گیم 21-17 سے جیت لیا۔دوسرے گیم میں لکشیا سین نے ابتدا ہی سے برتری برقرار رکھی اور کرسٹی کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا۔ انہوں نے جارحانہ کھیل کے ذریعے دوسرا گیم 21-10 سے جیت کر خطاب پر قبضہ جمالیا۔اس کامیابی کے ساتھ ہی لکشیا سین نے رواں سال خطاب کے انتظار کو ختم کردیا۔ ان کی اس جیت کو ہندوستانی بیڈمنٹن کیلئے ایک اہم کامیابی قرار دیا جارہا ہے۔نڈونیشیا کے عالمی نمبر 6 کھلاڑی جوناتھن کرسٹی اپنی بہترین کارکردگی کے لیے مشہور ہیں اور کورٹ کے کونوں میں شٹل کو پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں تاہم اس مقابلے میں وہ اپنی درستگی اور مطلوبہ رفتار حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ لکشیا سین نے انہیں مسلسل دباؤ میں رکھا اور ان کے جارحانہ کھیل کو مؤثر انداز میں قابو کیا۔خطاب جیتنے کے بعد لکشیا سین نے بیڈمنٹن ورلڈ فیڈریشن (BWF) سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقابلے میں صبر و تحمل برقرار رکھنا انتہائی اہم تھا۔ لکشیا کے مطابق انہوں نے فلیٹ ڈرائیوز کے دوران بھی حریف کی کمزوریوں سے فائدہ اٹھایا اور محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے اپنی برتری برقرار رکھی۔مقابلے کے دوران جوناتھن کرسٹی کو فلیٹ ڈرائیوز میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کے کئی شاٹس نیٹ میں الجھ کر رہ گئے جس کے باعث ان کی بے چینی بھی نمایاں ہوئی۔ دوسری جانب لکشیا سین کے اونچے لفٹ شاٹس نے کرسٹی کے طاقتور اسماش کے اثر کو کم کردیا اور ہندوستانی کھلاڑی کو مقابلے پر گرفت مضبوط رکھنے میں مدد دی۔