صدر جمہوریہ ہند کے عہدہ پر فائز کرنے کا بھی ذکر موجود ۔ یو پی اے دور میں حکومت اور کانگریس کے مابیان بہتر تعلقات کا کتاب میں حوالہ
حیدرآباد، 10 نومبر (سیاست نیوز) کانگریس رہنما پرنب مکھرجی نے 2010 میں اس وقت کی پارٹی سربراہ سونیا گاندھی کے ساتھ گفتگو کے دوران وزیرِ اعظم بننے کی اپنی ’دیرینہ خواہش‘ کی طرف اشارہ کیا، جب انہوں نے یہ تجویز دے کر انہیں حیران کر دیا کہ شاید ’اب اعلیٰ قیادت میں تبدیلی کا وقت آ گیا ہے‘۔ اپنی بے باک کتاب “بیلونگنگ: اے جرنی آف لو” میں سونیا گاندھی اس تنقید کو مسترد کرتی ہیں کہ یو پی اے حکومت کے دوران وہ پس پردہ فیصلے کیا کرتی تھیں ، یعنی پسِ پردہ رہ کر حکومت چلا رہی تھیں ۔ وہ لکھتی ہیں کہ ایک موقع پر ان پر یہ بات واضح تھی کہ اب منموہن سنگھ وزیرِ اعظم ہیں، اور اگرچہ پارٹی صدر کی حیثیت سے وہ انہیں اپنی رائے یا تجاویز دے سکتی تھیں، یا ان سے اختلاف کر سکتی تھیں، لیکن ان کا فرض تھا کہ وہ ان کی بات مانیں۔مزید کہ میں نے تہیہ کر رکھا تھا کہ میں کسی بھی صورت میں ایسی غلط فہمی کا سبب نہیں بنوں گی جس سے ہمارے مخالفین کو خوش ہونے کا موقع ملے اور ہماری حکومت کمزور ہو، وہ منگل کو منظرِ عام پر آئی اپنی کتاب میں اس خیال کا اظہار کیا ۔ 526 صفحات پر مشتمل یہ کتاب رگ وید کے اقتباس سے شروع ہوتی ہے ’مل کر چلو، مل کر بولو، تمہارے ذہن ہم آہنگ ہوں۔ تمہارا مقصد ایک ہو، تمہارے دل ہم آہنگ ہوں ، تمہارے خیالات یکسو ہوں، تاکہ تم یکجہتی اور کاملیت کے ساتھ رہو۔ سونیا گاندھی کے مطابق، وزیرِ اعظم اور ان کے درمیان ذمہ داریوں کی ایک غیر معلنہ تقسیم تھی، جو بخوبی چلتی رہی۔ حکومت ڈاکٹر منموہن سنگھ کے ماتحت، اور پارٹی میرے ماتحت۔ پارٹی اور حکومت میں اختیارات کی علیحدگی کی نشاندہی کرتے ہوئے، سونیا گاندھی یہ واقعہ بیان کرتی ہیں کہ کس طرح پرنب مکھرجی نے ایک بار وزیرِ اعظم بننے کی خواہش کی طرف اشارہ کیا تھا۔دونوں کے درمیان ہم آہنگی یقینی بنانے ایک کور گروپ ہر ہفتے وزیرِ اعظم کے ساتھ ملاقات کرتا تھا۔ اس کے دیگر ارکان میں پرنب مکھرجی، جو ستّر کی دہائی میں اندرا گاندھی کی کابینہ میں وزیر رہ چکے تھے‘ سیاسی بصیرت رکھنے والے ارجن سنگھ، جو مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر تھے‘ کیرالا کے سابق چیف منسٹر اے کے انٹونی؛ اور احمد پٹیل شامل تھے۔ہم اسٹریٹجی گروپ ارکان کی حیثیت سے بھی باقاعدگی سے ملتے تھے، جو پارلیمنٹ میں اٹھائے جانے والے معاملات پر غور کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ کبھی پرنب جی، جیسا کہ میں انہیں ہمیشہ پکارتی تھی، گپ شپ کیلئے رک جایا کرتے تھے۔ان کے وزیرِ خزانہ پی چدمبرم کے ساتھ شدید اختلافات پیدا ہو گئے تھے، اور ایک موقع پر، 2010 میں، میرا خیال ہے کہ اپنی جھنجھلاہٹ کا اظہار کرنے کے بعد، انہوں نے یہ تجویز دے کر مجھے حیران کر دیا کہ شاید اب اعلیٰ سطح پر تبدیلی کا وقت آ گیا ہے، جسے میں نے وزیرِ اعظم بننے کی ان کی دیرینہ خواہش کا اشارہ سمجھا۔میں نے نرمی سے موضوع بدل دیا، اور اگرچہ وہ شاید مایوس ہوئے ہوں، لیکن انہوں نے کبھی مجھے یہ محسوس نہیں ہونے دیا کہ وہ اس بات پر مجھ سے ناراض ہیں۔سونیا گاندھی نشاندہی کرتی ہیں کہ کانگریس نے 2012 میں مکھرجی کو جمہوریہ کے سب سے بڑے عہدے، یعنی صدارت کیلئے یو پی اے کا امیدوار نامزد کیا، اور وہ منتخب ہو گئے۔ اس تعلیم یافتہ اور تجربہ کار اور باخبر سیاست دان کے ساتھ، جو وہ ہمیشہ رہے۔ اس الزام پر کہ یو پی اے دور میں اصل اختیار انہی کے ہاتھ میں تھا (منموہن سنگھ 2004 سے 2014 تک وزیرِ اعظم رہے)سونیا گاندھی ان کہانیوں کی بھرمارکے بارے میں لکھتی ہیں جن میں سے کچھ وزیرِ اعظم کے قریبی لوگوں نے پھیلائی تھیں۔ایک دہائی بعد، ان کے ایک سابق معاون کی ایک کتاب شائع ہوئی، جس میں میرے مخالفین کی طرف سے مسلسل پھیلائے جانے والے ان بدنیتی پر مبنی اور سراسر جھوٹے الزامات کو دہرایا گیا کہ میں وزیرِ اعظم کے دفتر سے فائلیں منگواتی تھی، انتظامی معاملات میں مداخلت کرتی تھی، اور اہم تقررات کرتی تھی،‘وہ بی جے پی کے بار بار لگائے جانے والے الزام کی تردید کرکے کہتی ہیں کہ اگرچہ برسوں کے دوران مجھ پر اس سے بھی بدتر الزامات لگ چکے تھے، لیکن جس من گھڑت بات نے مجھے زیادہ دکھ پہنچایا وہ یہ تھی کہ میں سرکاری فائلیں دیکھتی تھی، جو حکومت سے باہر کسی بھی شخص کیلئے نامناسب بات ہے۔ میں ہمیشہ قواعد کی پابندی کا خاص خیال رکھتی تھی، اور اس دور میں تو اور بھی زیادہ۔ پی ایم او نے ایک بیان جاری کر کے دوٹوک انداز میں تردید کی کہ مجھے کبھی سرکاری فائلیں دکھائی گئی تھیں۔1