حیدرآباد : /29 مارچ (سیاست نیوز) شہر میں آئے دن غنڈہ عناصر کی ہمتیں بڑھتی جارہی ہیں اور تازہ ترین کارروائی میں رات کے وقت پٹرولنگ میں مصروف ایک پولیس پارٹی پر تین نوجوانوں نے اچانک حملہ کرکے انہیں زخمی کردیا ۔ یہ واقعہ مانصاحب ٹینک علاقہ میں صبح کی اولین ساعتوں میں اس وقت پیش آیا جب تین مشتبہ افراد علاقہ میں گھوم رہے تھے ۔ مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک پولیس ٹیم (کیاٹ ونگ) جس میں پولیس کانسٹبل کرشنا پرساد اور وویک شامل تھے نے انہیں دیکھ کر علاقہ میں موجودگی پر ان سے دریافت کیا ۔ مشتبہ حالت میں گھومنے والے عبداللہ رحمن اور محبوب علی قادری نے اچانک پولیس ٹیم پر لاٹھیوں اور پتھروں سے حملہ شروع کردیا جس کے بعد علاقہ میں سنسنی پھیل گئی ۔ پولیس ٹیم نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور انہیں مہدی پٹنم پولیس اسٹیشن منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت 27 سالہ عبداللہ رحمن ساکن اویسی پورہ فرسٹ لانسر ، 24 سالہ محبوب علی قادری اور 24 سالہ نوید پاشاہ جو گریجویشن کا طالبعلم کی حیثیت سے کی ہے ۔ تینوں نوجوانوں کے خلاف پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے انہیں کل عدالت میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ب