حیدرآباد۔/27فروری، ( سیاست نیوز) یوں تو سیاسی قائدین کی جانب سے انسانی ہمدردی کی کئی مثالیں وقتاً فوقتاً منظر عام پر آتی رہی ہیں لیکن اگر سیاستداں خاتون ہو اور سامنے کوئی کمسن پریشان دکھائی دے تو ماں کی ممتا جاگ اٹھتی ہے۔ وہ یہ نہیں دیکھتی کہ وہ وزیر کی حیثیت سے سیکوریٹی کے گھیرے میں ہے۔ ماں کی ممتا کا ایک واقعہ آج پرانے شہر میں دیکھنے کو ملا جب وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے گذرتے ہوئے ایک زخمی کمسن لڑکے کو سڑک پر دیکھ لیا۔ لڑکے کا سیدھا ہاتھ زخمی تھا اور اس پر پٹی باندھی ہوئی تھی۔ سبیتا اندرا ریڈی نے جیسے ہی اس کمسن کو ہاتھ کی تکلیف کے ساتھ گذرتے دیکھا تو انہوں نے فوری اپنی گاڑی کو روک دیا۔ ریاستی وزیر کا قافلہ رک گیا اور سبیتا اندرا ریڈی نے لڑکے کو قریب طلب کیا اور زخمی ہونے کی وجوہات معلوم کیں۔ انہوں نے شفقت بھرا ہاتھ سر پر پھیرتے ہوئے مشورہ دیا کہ بہتر علاج کرائیں اور جلد صحتیاب ہوجائیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے اپنی جانب سے لڑکے کو مالی امداد بھی حوالے کی۔ سبیتا اندرا ریڈی کی کمسن لڑکے سے ہمدردی کو دیکھ کر وہاں موجود افراد نے ان کی خوب ستائش کی اور ان کے وہاں سے گذرنے کے بعد بھی مقامی لوگوں میں یہ واقعہ گشت کرنے لگا۔ سوشیل میڈیا پر بھی یہ ویڈیو وائرل ہوا۔ر