نیویارک : دنیا کی کی کئی اہم اور نمایاں شخصیات نے بنگلہ دیش کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نوبیل انعام یافتہ ماہرِ معیشت محمد یونس پر غیر منصفانہ حملوں اور انہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ اقوامِ متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل بان کی مون، امریکہ کی سابق وزیرِ خارجہ ہلاری کلنٹن، امریکہ کے سابق نائب صدر الگور اور مشہور گلوکار بونو سمیت چالیس شخصیات نے بنگلہ دیش کی حکومت کو ایک کھلا خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے محمد یونس کے ساتھ برتاؤ پر تشویش ظاہر کی ہے۔ محمد یونس کے قائم کردہ مائیکرو فنانس بینک کو لاکھوں بنگلہ دیشیوں کو غربت سے نکالنے کا کریڈٹ دیا جاتا ہے۔ لیکن یونس اور ان کے قائم کردہ ادارے گزشتہ کئی برسوں سے وزیرِ اعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے زیرِ عتاب ہیں اور ان کے خلاف کرپشن سے متعلق مختلف الزامات پر تحقیقات جاری ہیں۔